جمعیۃ علماء ناگپور میں مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
ناگپور: جمعیۃ علماء ضلع ناگپور کے زیر انتظام یوم آزادی کی تقریب ڈاکٹر شرف الدین ساحل کی صدارت میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔نیز صدر تقریب ڈاکٹرساحل صاحب کے ہاتھوں پرچم کشائی بھی عمل میں آئی ۔
رسم پرچم کشائی کے بعدحاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مشہور مصنف اور مایہ ناز عالم ڈاکٹر شرف الدین ساحل نے کہا کہ آج کے بچے آزادی کی قدر و قیمت کو کیا جانیں ۔تاریخ گواہ ہے کہ 1857کی تحریک آزادی سے لیکر 1947تک کے نوے سال کے دوران مولانا ابو الکلام آزاد ،حسرت موہانی،محمد علی جوہر،شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندی ،مولانا فضل حق ،شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنی اور ان گنت علماء نے برسوں جیل کی سلاخوں کے پیچھے اپنی زندگیاں گزاری ہیں۔یہ آزادی بڑی قربانیاں دے کر حاصل کی گئی ہے ۔مولانا ابو الکلام آزاد مسلسل پانچ سال رانچی کے جیل میں قید رہے۔انگریزوں کی مخالفت میں مسلمانوں نے جگہ جگہ تحریکیں چلائیں ۔ناگپور میں ۳۹؍ لوگوں کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ،جن ۸؍ مسلمان تھے ۔
ڈاکٹر ساحل نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کی جد و جہد آزادی کی تاریخ کا سب سے اہم باب مسلمانوں کے خون سے لالہ زار ہے،جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ مسلمانون نے اس ملک پر صدیوں حکمرانی کی ہے۔اس لئے انہیں انگریزوں کی غلامی لعنت کا طوق نظر آئی ،اور وہ اس کے خلاف صف آراء ہو گئے۔اور دیگر برادران وطن کو بھی اپنے ساتھ شامل کر کے بلا لحاظ مذہب وملت ہندوستان پر صرف ہندوستانیوں کے حق کی صدا لگائی ،ج سکے نتیجہ میں تما م شہری انگریزوں کے جبر و استبداد کے خلاف سینہ سپر ہوگئے۔
اس موقع پر علاقہ کے پی آئی ،پی ایس آئی ،جمعیۃ علماء کے عہدیداران و اراکین ،علماء کرام اور ائمہ حضرات کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔