گجرات، راجستھان کے سیلاب متاثرین میں جمعیۃ علماء کی ریلیف تقسیم
تھانے: جمعیۃ علماء میرا بھائندر کا ایک وفد مولانا محمد زکریا صاحب (صدر جمعیۃ علماء میرا بھائندر )کی قیادت میں گجرات کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے تین روز سے گجرات اور راجستھان کے سرحدی علاقے میں مصروف عمل ہے،یہ وفد وہاں کی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور سروے کرکے یہ رپورٹ تیار کرے گا کہ اس علاقہ میں کن کن اشیاء کی ضرورت ہے،اسی لحاظ سے انشاء اللہ ریلیف کی اشیاء جمعیہ علماء مہاراشٹرکی طرسے روانہ کی جائیں گی۔
سوتڈی اور کوٹ بورڈ کا علاقہ ایساہے جہاں ابھی بہت معمولی ریلیف پہونچ سکی ہے اور فوری طور پر مچھر دانیوں اور اناج کی ضرورت ہے جس کا انتظام مفتی عبد القیوم صاحب کر رہے ہیں۔
اسی طرح آج بتاریخ ۹؍ اگست جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا کی یونٹ کے صدر مولانا عبد الوہاب قاسمی کی قیادت میں گجرات سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے علماء کرام کا ایک قافلہ صبح ۸؍ بجے روانہ ہوا۔روانگی سے قبل صدر محترم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلام اخوت ،بھائی چارگی اور انسانی ہمدردی کا درس دینے والا مذہب ہے،اس لئے مذہب اسلام کے پیرو کار وں کا مقصد زندگی ہی یہ ہونا چاہئے کہ پورے عالم میں جہاں کہیں بھی انسان ارضی و سماوی آفات اور حادثات کا شکار ہوں ہمیں ان کی امداد کے لئے پہونچنا چاہئے قطع نظر اس کے کہ مصیبت زدہ انسان کا مذہب کیاہے۔بر بناء انسانی ہمدردی خدام جمعیۃ علماء نے شہر کے اہل خیر حضرات کے تعاون سے امدادی رقوم جمع کرکے گجرات کے سیلاب متاثرین تک بقدر بساط راحت کے سامان پہونچانے کی ذمہ دار ی اٹھائی ہے۔ہم کوسہ ممبرا کے اہل خیر حضرات کے بے حد ممنون و مشکور ہیں کہ جنہوں نے ہماری ایک آواز پر خالصۃً لوجہ اللہ مالی تعاون کیا،اللہ آپ سب کو جزاء خیر عطا فرمائے۔دعا فرمائیں کہ ہمارا یہ قافلہ اپنے مقصد کی تکمیل کے ساتھ بعافیت واپس اپنے شہر کو پہونچے ۔