یوم آزادی کی تقریبات عمومی انداز میں اور اہتمام کے ساتھ منائی جائیں :مولانا حلیم اللہ قاسمی
ممبئی: جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے ریاست کی تمام ذیلی اکائیوں سے یہ اپیل کی ہے کہ 15؍اگست کو اہتمام کے ساتھ یوم آزادی کی تقریبات منائیں ،پرچم کشائی کے لئے مقامی انتظامیہ اور سماجی شخصیتوں کو مدعو کیا جائے ،اور کھلے میدان میں پروگرام رکھے جائیں تاکہ بلاتفریق مذہب وملت تمام لوگ اس میں شرکت کر سکیں ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ بھی کہا کہ عوام کے سامنے ثقافتی پروگرام کے ساتھ ایسی تقریریں بھی کی جائیں جس میں ملک کی آزادی کے لئے مسلمانوں کی قربانیوں کو بطور خاص موضوع بنایا جائے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی نے کہا کہ ملک کی آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ،خدا کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد فضامیں سانس لے رہے ہیں ۔اس کو حاصل کر نے کے لئے ہمارے اسلاف نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔اس کے بالمقابل غلامی ایک بہت بڑی لعنت ہے ،اللہ تبارک و تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو قبطیوں کی غلامی سے چھٹکاراپانے کا ذکر قرآن مجید میں کیا ہے ،اور شکر گذاری کی تلقین کی ہے۔شرعی حدود میں رہتے ہوئے آزادی کی نعمت پر اظہار مسرت کرنا چاہئے اور یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ آزدی کی دوڑ سے ہماری مذہبی آزادی،مدارس کا نظام تعلیم و تربیت،دعوت و تبلیغ کی محنت،جمعیتوں اور جماعتوں کا وجود سب بندھے ہوئے ہیں ۔
مفتی حفیظ اللہ قاسمی نے ممبئی اور پورے صوبہ مہاراشٹر کی ذیلی یونٹوں کے عہدیداران، مدارس عربیہ کے ذمہ داران ،ائمہ مساجداور عام مسلمانوں سے یہ درخواست کی ہے کہ وہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی اس تحریک کو بھر پور کامیاب بنانے میں تعاون کریں ۔