گجرات سیلاب متاثرین کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹرنے بھیجی مالی امداد
ممبئی: شمالی گجرات کا علاقہ پالن پو ر اور بانس کانٹھا گزشتہ دنوں موسلا دھار بارش کی وجہ سے کا فی متاثر ہوئے ہیں، جس میں بہت سے لوگ موت کے منھ میں چلے گئے،لاتعداد مویشی اورجانور ہلاک ہوگئے،دکان اور پراپرٹیاں تباہ و برباد ہوگئیں ہیں ۔ علاقے میں بجلی کے وسائل ٹھپ پڑگئے اور پینے کے لئے پانی کا قحط ہے ۔۔ضلع بانس کانٹھا کادھانیر ہ تعلقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔جہاں سیلاب کا پانی اترنے کے بعد دکانوں و مکانات کو نا قابل تلافی نقصان پہونچا ہے۔ان حالات کا جائزہ لینے کے لئے احمد آباد جمعیۃ علماء (ارشد مدنی)کے ذمہ داران نے سیلاب زدہ علاقہ دھانیرہ کا دورہ کیا ،اور لوگوں کے گھر گھر جاکر نقصانات اور ضروریات کا سروے کیا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) نے فوری طور پر پانچ لاکھ(5,00,000/-)روپئے کی ریلیف جمعیۃ علماء احمد آباد کو بھیجی ہے ،مگر سیلاب کی تباہ کاری کو دیکھ کر یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اپنے بیان میں جمعیۃ علماء احمد آباد کی جانب سے کئے جانے والے راحتی کاموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ احمد آباد جمعیۃ علماء کے ذمہ داران نے سیلاب زدہ علاقہ دھانیر کا دورہ کیا ۔اول مرحلہ میں ہمارے سامنے صرف برتنوں کی کٹ کا تقاضہ تھا ،لیکن وفد کی رپورٹ میں ہے کہ 600مکانات کے سارے کے سارے سامان بالکل تباہ ہوگئے۔اب وہ خورد و نوش اور پہننے کے کپڑے تک کے محتاج ہو گئے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد اورراحت رسانی کے کام میں ’’جمعیۃعلماء احمد آباد (ارشد مدنی)‘‘ کے ارکان شب و روز لگے ہوئے ہیں ۔
متاثرین کی فوری راحت رسانی کے لئے جمعیۃ علماء احمد آباد کے ذمہ داران نے روز مرہ کے استعمال کی اشیاء خورد و نوش(آٹا ۱۰؍ کلو،چاول ۱۰؍ کلو،تور دال ۱؍کلو،مسور دال ۱؍ کلو ،شکر ۳؍ کلو،چائے پتی ۵۰۰؍ گرام،مرچ ۲۵۰؍ گرام،دھنیا ۲۵۰؍ گرام،ہلدی ۲۰۰؍ گرام، نمک ۱؍ کلو ،تیل ۵؍ لیٹر) یومیہ استعمال میں آنے والے برتن(گیس کی سکڑی اور لائٹر ۱؍عدد،ریگولیٹر اور گیس پائپ ۱؍عدد،کوکر۱؍عدد،پتیلی سیٹ ۴؍ عدد،تھالی سیٹ ۴؍ عدد،کٹورا سیٹ ۳؍ عدد،چھوٹی چمچی ۳؍ عدد،جگ اور گلاس ۲؍ عدد،بیلن اور پاٹیا ۱؍ عدد،اسٹیل کا ڈویا ۱؍ عدد،اسٹیل کتھروڈ ۱؍ عدد، سولہ پوری چورسہ ۲؍ عدد،اسٹیل کیبن ۱؍عدد،اسٹیل تویتا ۱؍عدد،اسٹیل زارا۱؍عدد،پکڑ۱؍عدد،توا۱عدد،کڑھائی ۱؍عدد،گلنی ۱؍عدد،کب رکابی ۴؍عدد،چیپیا ۱؍عدد،تھال۱؍عدد،روٹی کا ڈبہ ۱؍عدد)پر مشتمل 600کٹ تیار کر کے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک کٹ پر چار ہزار تیس (4,030/-)روپیہ کے صرفہ کا تخمینہ ہے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر)نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں بنی نوع انسان کا فرض ہے کہ ہرفردبشراپنی حیثیت کے مطابق ان متاثرین کے لئے سامان زندگی فراہم کرانے میں بھرپور حصہ لے ۔ہماری جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی ذیلی یونٹوں کے ذمہ داران اور اصحاب خیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اس کار خیر میں بھر پور حصہ لیں ۔ اورنقد و اشیاء کو جمعیۃعلماء مہاراشٹرکے ریاستی دفتر،واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ،امام باڑہ روڈ،ممبئی 9 میں جمع کرائیں ۔