خدمت خلق سے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے:آفتاب احمد
فوڈ بینک لکھنؤ شاخ کے ایک سال مکمل ہونے پر ۵۰۰؍لوگوں میں کھانا تقسیم
لکھنؤ: ۔خدمت خلق سے جہاں ایک ضرورت مند کی ضرورت پوری ہوتی ہے وہیں خدمت کرنے والے کو قلبی سکون بھی حاصل ہوتا ہے۔اس عمر میں جب کہ لڑکوں کے بہکنے کا خدشہ زیادہ رہتا ہے ایسے میں ان لڑکوں میں خدمت خلق کے جذبے کو دیکھ کر میں ان کے ذریعہ کئے جا رہے کام کو سلام کرتا ہوں۔لائق تحسین ہیں فوڈ بینک سے وابستہ یہ کارکنان جن کے اندر ضرورت مندوں اور غرباء کی خدمت کرنے کا جذبہ ہے۔
مذکورہ خیالات کا اظہار الماس باغ ہردوئی روڈ واقع ایم ایم میموریل کمیٹی کے تعاون سے فوڈ بینک آف انڈیا،چینئی کی لکھنؤ شاخ کے انچارج احمد نبیل اور کارکنان کی جانب سے لکھنؤ شاخ کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر سبکدوش آئی جی آفتاب احمد خاں نے کیا۔انہوں نے فوڈ بینک کے کارکنان کو غرباء اور ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرنے کے لئے اپنی نیک خواہشات اور دعاؤںکے ساتھ روانہ کیا۔
اس موقع پر فوڈ بینک لکھنؤ شاخ کے انچارج احمد نبیل نے کہا کہ گذشتہ ایک برس سے ہر اتوار کو ۱۰۰؍سے زیادہ لوگوں میں کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے۔فوڈ بینک کا اصول ہے کہ وہ پیسہ نہیں لیتا ہے بلکہ حسب حیثیت جو جتنے آدمی کا کھانا دے سکتا ہے لیتا ہے اور یکجا کر کارکنان کے ذریعہ تقسیم کر دیا جاتا ہے۔اس اتوار کو لکھنؤ شاخ کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر تقریباً ۵۰۰؍لوگوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔جناب احمد نبیل نے کہا کہ اگست ماہ کے پہلے ہفتہ میں سروے کر نہایت کمزور،معذور اور بے سہارا افراد کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کی مستقل مدد کرنے کی حتیٰ الامکان کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر ایم ایم میموریل کمیٹی کے صدر ڈاکٹر سلیم احمد نے کہا کہ فوڈ بینک آف انڈیا کا قیام تین برس قبل چینئی میں ہوا۔فیس بک سے وابستہ ہونے کے بعد ایک سال قبل لکھنؤ میں اس کی شاخ قائم کی گئی جس میں عام نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹری اور انجینئرنگ کی پڑھائی کرنے والے طلباء کثیر تعداد میں وابستہ ہو چکے ہیں۔ڈاکٹر احمد نے بتایا کہ بہت سے ایسے لوگ ہیں جو بہت خاموشی سے سماج کی خدمت کرتے رہتے ہیں اسی میں سے ہمارے درمیان موجود سبکدوش آئی جی آفتاب صاحب بھی ایک ہیں۔
فوڈ بینک لکھنؤ شاخ سے وابستہ انٹگرل یونیورسٹی کے بی ٹیک طالب علم وقاص احمد بیگ نے بھی اس موقع پر غریب بچوں میں بسکٹ تقسیم کرنے کا بندوبست کیا۔