ملک میں قانون کا راج ،انصاف کے ساتھ ہو:مولانا محمد فاروق مظہری
کلکٹریٹ کے میدان میں ہونے والے مظاہرے کی حمایت کااعلان
مؤ ناتھ بھنجن ۔ ملک بھر میں گؤ رکشکوں اور دیگر ظالموں کے ذریعہ مسلمانوں اور دلتوں پر ہورہے مظالم اور بلا وجہ قتل کرنے والے ظالموں کے خلاف مرکزی وریاستی حکومتوں کی جانب سے مؤثر کاروائی نہ کرنے سے ملک کاجمہوری نظام درہم برہم ہوکر رہ جائیگا۔ان خیالات کا اظہار ملت منزل شاہی کٹرہ میں جمعیۃ علماء ضلع مؤ کی ایک اہم میٹنگ میں مولاناخورشید احمد مفتاحی ضلع صدر نے کیا۔
صدر جمعیۃ علماء ضلع مؤ نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات نہایت ہی ناگفتہ بہ ہیں شرپسندوں کے من بڑھے ہوئے ہیں ایسی صورت حال میں ہمیں پھونک پھونک کر قدم رکھنے اور سفرکے د وران احتیاط برتنے کی ضرورت ہے اسکے باوجود میں ہمیں خوف کے ساتھ نہیں بلکہ ہمت وحوصلے کے ساتھ زندگی گذارنا ہے اسلئے کہ جتنا حق اس ملک پر انکا ہے اس سے کہیں زیادہ ہمارابھی ہے ۔
ضلع جنرل سکریٹری مولانامحمد فاروق مظہری نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہندوستانی مسلمانوں کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو اصلاح معاشرہ کے کاموں کو انجام دینے کے ساتھ ملک میں بڑھتے ہوئے ظلم کے خلاف بھی برابر آواز بلند کرتی رہتی ہے تاکہ ملک میں قانون کا راج ہو اور جمہوریت کا خیال رکھتے ہوئے سب کے ساتھ انصاف ہو۔
میٹنگ میں گذشتہ کاروائی کی خواندگی اور توثیق کے بعداپریل میں ہونے والے دس روزہ اصلاح معاشرہ پروگراموں کا جائزہ لیا گیا اور مؤ،کوپاگنج ،گھوسی ،ادری،پورہ معروف ،خیرآباد ،ولید پور ،بھیرا اور بہادر گنج میں ہوئے کامیاب پروگراموں کی ستائش کی گئی اور تمام اکائیوں کو ہدایت کی گئی کہ موقع بموقع اپنے وہاں مساجد یا کھلی جگہ میں اصلاح معاشرہ پروگرام کیا جائے اور لوگوں کو بدعات ورسومات سے بچاکر سنت طریقہ پر زندگی گذارنے کی ترغیب دی جائے۔
میٹنگ میں ملک بھر میں گؤ رکشکوں اور دیگر ظالموں کے ذریعہ مسلمانوں اور دلتوں پر ہورہے مظالم اور بلا وجہ قتل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ظالموں کے خلاف مرکزی وریاستی حکومتوں کی جانب سے مؤثر کاروائی نہ کرنے پر سخت غم وغصہ کاا ظہار کیا گیا اورمطالبہ کیا گیا کہ حکومتیں پاور میں رہکر صرف مذمت نہ کریں بلکہ اس پر قدغن لگاتے ہوئے ماٗثر کاروائی کریں ورنہ ملک کاجمہوری نظام درہم برہم ہوکر رہ جائیگا۔
میٹنگ میں مختلف جماعتوں کی جانب سے ۱۴؍جولائی جمعہ کو کلکٹریٹ کے میدان میں ہونے والے مظاہرے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے جمعیۃ علماء نے اسے کامیاب بنانے کی عوام وخواص سے اپیل بھی کی ۔
میٹنگ میں جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزرمولانا نوشاد احمد قاسمی ، مولانامحفوظ الرحمن مفتاحی ؒ کی اہلیہ کے انتقال اور نصیر پور میں محمد یونس خاں کی شہادت پر اظہار تعزیت اور دعاء مغفرت کی گئی میٹنگ کا آغاز مولانااعجاز احمد اعظمی کی تلاوت سے ہوا اورشہرصدر مولاناقاری مسیح الرحمن قاسمی کی دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی ۔
میٹنگ میں مولانا وصی احمدنعمانی،مولاناانیس الرحمن،مولانا فیاض احمد،مفتی ابوالقاسم،مولانامنظورالحسن ادری،مولاناسعید الرحمن کوپاگنج،قاری مختار احمد پورہ معروف،حافظ نعمان احمد خیرآباد ،مولاناضیاء الرحمن ولید پور،حاجی جمال احمد بھیرا،حافظ عبد الغنی بہادر گنج ،مولاناسراج احمد نعمانی ،مولاناعبید اللہ مفتاحی،مولاناذوالفقار احمد،مولانانعمان انور،مولانااشفاق احمد،حافظ کبیر احمد ،ڈاکٹر شبیر احمد،ماسٹر فیض الرحمن ،منور عبدالغفوراورمفتی عبد اللہ نعمانی کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ موجودتھے ۔