جمعیۃ علماء کی جانب سے بلا تفریق مذہب و ملت مستحق طلباء میں اسکالرشپ تقسیم
ممبئی: حسب سابق ملک کے مسلمانوں کی نمائندہ مسلم تنظیم جمعیۃ علماء ہند (ارشد مدنی) نے آج ممبئی میں جہاں سیکڑوں مسلم طلباء کو تعلیمی وظائف دیئے وہیں ایک درجن سے زائد غیر مسلم مستحق طلباء کو بھی تعلیمی وظائف تقسیم کیئے جس کی ستائش جنوبی ممبئی کے ڈونگری ڈیویزن کے اسسٹنٹ پولس کمشنر منگیش پوٹے اور سینئر کانگریس رکن اسمبلی عارف نسیم خان و مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل نے کی۔
ریاستی جمعیۃ علماء کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میںآج معزز مہمانان کے دست مبارک سے پہلے مرحلہ میں ۱۰۳؍ طلباء میں ۲۴؍ لاکھ روپئے کے چیک تقسیم ہوئے جن میں پرائمری سے لیکر اعلی تعلیم حاصل کررہے اسٹوڈنٹس شامل ہیں۔
ٓاس موقع پر سینئر کانگریس لیڈر محمد عارف نسیم خان اور رکن اسمبلی امین پٹیل نے جمعیۃ علماء کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی اور دیگر کی ستائش کی اور کہا کہ جمعیۃ جہاں قوم کے مختلف مسائل کے حل کے لئے چٹان بن کر کھڑی رہتی ہے وہیں برادران وطن کی تکالیف اور ان کے مسائل کا بھی وہ لحاظ رکھتی ہے اور ان کا تعاون کرتی ہے ۔
تقریب میں موجود جنوبی ممبئی ڈونگری ڈیویزن اسٹنٹ پولس کمشنر منگیش پوٹے نے چیک تقسیم کرتے ہوئے طلباء اوران کے سرپرستوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم حاصل کرنے میں اپنا دھیان مرکوز کریں اور قوم ملت اور ملک کی خدمت میں اپنے آپ کو پیش کریں۔
جمعیۃ کے قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ۲۴؍ لاکھ روپئے تقسیم کیئے گئے ہیں اور اس سال کا تخمینہ ۸۰؍ لاکھ روپئے تک پہنچے کی امید ہے ۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ اسلام نے تعلیم پر خاص زور دیا ہے ۔ فرشتوں پر انسانوں کی برتری علم کی وجہ سے ہے اور ہمارے نبی پر جو پہلی وحی آئی اس میں بھی تعلیم کا تذکرہ ہے۔ یہ حکم عام انسانوں کے لئے ہے مسلمانوں کے لیئے بطور خاص نہیں۔ جمعیۃ علماء شرعی حدود میں رہتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کوبھی تعلیمی وظائف اس لیئے دیتی ہے کی سماج میں تعلیم عام ہو جس کے نتیجے میں انسانیت کا بھلا ہو۔ اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی ، مفتی محمد یوسف خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر ، مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سیکریٹری، دلیپ شندے سینئر انسپکٹر جے جے مارگ پولس اسٹیشن ، ایڈوکیٹ انصار تنبولی، ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری و دیگر کے ہاتھوں پروگرام میں موجود طلباء میں چیک تقسیم کیئے گئے ۔
پروگرام میں مفتی ابو ایوب انصاری، عقیل شیخ، مولانا رحمت اللہ قاسمی، معراج الحق قاسمی، عبدالخالق قاسمی، مولانا ارشدقاسمی و دیگر موجود تھے ۔