گزشتہ کل ۲؍ اپریل جمعیۃ علماء ضلع تھانہ وپالگھر کی مجلس منتظمہ کی سہ ماہی میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء ضلع تھانہ وپالگھر )نے دونوں اضلاع کی مقامی یونٹوں کے صدور ونظماء اور وابستگان کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء کی مرکزی قیادت تحفظ جمہوریت اور قومی یکجہتی کے پروگرام کو چلارہی ہے جس کو ہر سطح پر کامیاب بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے اس وقت فرقہ پرستی کے بڑھتے ہوئے جنون میں ہمارے بعض احباب شاید اس کوشش کو ناکامی سے تعبیر کریں مگر یہ یاد رکھئے کہ گھٹا ٹوپ اندھیرے میں دیا جلانے کی روایت جمعیۃ علماء ہند کے اکابر نے قائم کی ہے جس سے ہم ہر حال میں وابستہ رہیں گے ،انہوں نے کہا کہ ملک وملت کے مفاد میں منصوبہ بندی کا حق اختیار ہماری مرکزی قیادت کو حاصل ہے ،اورذیلی اکائیوں کی کامیابی اس بات میں مضمر ہے کہ وہ اپنی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے احکامات کی پیروی کریں ۔

مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی نے سامعین کو مقامی سطح پر جمعیۃ علماء ہند کی دیرینہ اسکیم اصلاح معاشرہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی وقتی اور چند روز ہ کام نہیں ہے ، اور صرف شادی بیاہ کی غلط رسومات کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے تک ہی اس کا دائرہ محدود نہیں ہے بلکہ ہمارے معاشرہ میں پائی جانے والی تمام خرابیاں اور بری عادتیں سب کی اصلاح اس کے ذریعہ مقصود ہے۔

واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ضلع تھانہ وپالگھر نہایت پابندی کے ساتھ اپنی مقامی یونٹوں کی سہ ماہی جائزہ کی میٹنگ منعقد کرتی ہے جو سلور پارک میراروڈ میں منعقد ہوئی جس میں دونوں اضلاع کی بیس یونٹوں کے ذمہ داران نے شرکت کی اور اپنی یونٹوں کی کارکردگی بیان کی۔
حافظ محمد عارف انصاری صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع تھانہ وپالگھر )نے گزشتہ میٹنگ کی کاروائی پڑھ کر سنائی جس کی توثیق کی گئی ،مفتی حفیظ اللہ صاحب قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بھیونڈی )نے میٹنگ کی نظامت کے فرائض بڑی ہی خوش اصلوبی سے انجام دیئے۔

مولانا محمد عارف صاحب عمری(نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع تھانہ وپالگھر )نے اصلاح معاشرہ کے ضمن میں بعض حاضرین کی جانب سے پیش کئے گئے خدشات کے تناظر میں یہ کہا کہ جمعیۃ علماء کی جانب سے یہ پروگرام ایک منصوبہ بند طریقہ پر چلایا جارہا ہے اس پروگرام کو صوبائی ناظم اصلاح معاشرہ کی ہدایت کے مطابق ہی چلا یا جائے مساجد میں کسی دوسرے نظام اور ترتیب سے لگے ہوئے ساتھیوں کی مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہے لیکن اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کسی دوسری جماعت یا تنظیم کے طریقہ کار کی مخالفت نہ کی جائے بلکہ مثبت طور پر اپنے طریقے کو ان کے سامنے پیش کیا جائے جمعیۃ علماء کی نسبت اور اصلاح معاشرہ کی ترتیب جو پمفلیٹ میں درج ہے اس سے وابستہ رہا جائے اور درپیش مسائل کے حل کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی اعلی قیادت سے رابطہ کیا جائے ۔

آخر میں مفتی محمد یوسف صاحب قاسمی (خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) کے والد محترم کے انتقال پر ملال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار ،اور تعزیتی قرار داد منظور کرکے مرحوم کے لئے ایصال ثواب کیا گیا ۔
میٹنگ میں خصوصی طور پر مولانا سرور صاحب مظاہری ،مولانا عبد الصمد صاحب قاسمی ،مولانا ضمیر صاحب فلاحی ،مولانا عبد السبحان صاحب،قاری عبد السمیع صاحب،دبیر عالم صدیقی صاحب ،مولانا زکریا صاحب،مفتی محمد یاسین صاحب ،مولانا عبد الوہاب صاحب قاسمی،حاجی صغیر صاحب ،عبد الرحمن شیخ صاحب ،متین شیخ صاحب،حافظ لقمان صاحب وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔