اسلامی شریعت میں تبدیلی کا مطالبہ کیوں؟
عادل فراز
تین طلاق کے مسئلے پرجس طرح اسلام مخالف طاقتیں مسلمانوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور مسلم مردو خواتین کو اسلامی شریعت میں تبدیلی کے لئے آواز اٹھانے پر اکسا رہی ہیں یہ قابل غور اور بہت اہم مسئلہ ہے۔مسلکی اختلافات سے اوپر اٹھ کر تمام مسالک کو اسلامی شریعت میں مداخلت کرنے والوں کا سدباب کرنا چاہئے۔کیونکہ اگر ایک بار دشمن اپنے منصوبوں میں کامیاب ہوگیا تو پھر ہم آئندہ مداخلت کی راہیں ہموار کردیں گے ۔اسلامی فقہوں میں کتنے اختلافات ہیں اور فقہائے اسلام جن مسائل پر آج تک متحد نہیں ہوسکے ان مسائل پر بھی غوروخوض کے بعد متحد ہوا جاسکتاہے بشرطیکہ عصبیت اور انانیت سے توبہ کرلی جائے۔جب تک ایک مسلک دوسرے مسلک کی فقہ کو غلط اور بے بنیاد تصورکرتا رہے گا اسلامی شریعت میں مداخلت کی گنجائش بڑھتی جائے گی ۔یہ کہنا بھی عبث ہوگاکہ اسلامی فقہ میں اختلافات کا مسئلہ مسلمانوں کا ہے دوسروں کو ان اختلافات سے کیا مطلب ہے؟ظاہر ہے اگر ہمارے ناعاقبت اندیش رہبر اسلام مخالف طاقتوں کے منصوبوں اور سازشوں کا سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لیتے اور حالات کا تجزیہ کرتے تو آج نوبت یہاں تک نہیں پہونچتی کہ اسلامی شریعت میں تبدیلی کی آوازیں مسلمانوں کے درمیان سے اٹھ رہی ہیںاور ہم صرف تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔
تین طلاق خواتین کے ساتھ ناانصافی ؟
سوال یہ ہے کہ آخر ایسی تنظیمیں جن کے مذہب اور عقیدہ کی کوئی جڑ نہیں ہے وہ کیوں اسلامی شریعت میں مداخلت کی کوشش کررہی ہیں ؟یا صرف اس نازک مسئلہ کو مسلمانوں کے درمیان چھیڑ کر اپنا سیاسی مفاد حاصل کرنا ہی انکا بنیادی ہدف ہے ؟اس سوال کا جواب کچھ بھی ہو مگر یہ حقیقت ہے کہ تین طلاق کے مسئلے نے مسلم خواتین کی زندگی تباہ کردی ہے ۔اگر ایسا نہ ہوتا تو مسلم خواتین (خواہ انکا استعمال کیا جارہاہو یا نہیں )کبھی مسلم پرسنل لا ء کے خلاف کمربستہ ہوکر میدان عمل میں نہ آتیں ۔اس لئے کہ مسلم خواتین شرعی قوانین کی کتنی پابند ہوتی ہیں یہ مسلم پرسنل لا ء بورڈ اور ہم سبھی جانتےہیں مگر جس مسئلے کے خلاف پردہ نشین اور ایسی خواتین جنکا اسلامی قوانین کی پابندی سے دوردورتک کا تعلق نہیں ہے وہ بھی متحد ہوکر میدان عمل میں ہیں اسکا واضح مطلب یہ ہے کہ اس قانون کی آڑمیں ناانصافیاں تو ہورہی ہیں ۔فیس بک یا واٹس اپ یا ٹیلی فون پر طلاق دے دینا خواتین کے ساتھ ناانصافی نہیں تو او ر کیاہے ؟اسلام میں قاضی کا تصور محض دکھاوا نہیں ہے بلکہ قاضی کا کام یہی ہے کہ وہ طلاق جیسے مسائل کو طرفین کی موجودگی میں سلجھائے ۔طلاق کے سبب کی تہہ تک پہونچے اور جہاں تک ممکن ہو طلاق ہونے سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کرے ۔مگر ہمارے لاء میں اسکے برعکس ہوتاہے ۔قاضی تو خیر اب سرکاری زرخرید ہوچکے ہیں مگر وہ مولوی حضرات جو طلاق پڑھتے ہیں انکے طریقہ ٔ کار پر بھی سوال کھڑے ہوتے رہے ہیں ۔ساتھ ہی تین طلاق کے قانون میں تو کسی مولوی یا قاضی کی بھی ضرورت نہیں ہوتی ۔بس شوہر کی زبان پر تن بار طلاق کا صیغہ جاری ہوا نہیں کہ طلاق ہوگئی۔کیا یہ خواتین کا شرعی استحصال نہیں ہے ؟اگر نہیں تو کیوں ؟
مسلم پرسنل لا ء کی اہمیت:
مسلم پرسنل لاء اللہ(شارع) کا قراردیا ہوا قانون ہے جس میں ترمیم و تنسیخ کی گنجائش نہیں ہے۔قرآن خود اس مسئلہ کی وضاحت کررہاہے کہ ’’ثم جعلناک علیٰ شریعۃ من الامرفاتبعھا ولا تتبع اھوآءالذین لا یعلمون ‘‘(جاثیہ ۱۸) اس آیت سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ ’’شریعت اسلام ‘‘جس قانون کا نام ہے یہ قانون عام مسلمانوں کا قراردیا ہوا قانون نہیں ہے ،خود پیغمبراسلامؐ بھی اس قانون کو بنانے میں شامل نہیں ہیں ورنہ اللہ اپنے پیغمبر ؐ کو مامور فرماتا کہ آپ مسلمانوں کے لئے قانون حیات بناکر پیش کردیجئے۔یہ الگ بات کہ ہم سنت پیغمبرؐ یا قانون پیغمبر(احادیث وغیرہ) کو بھی بالواسطہ اللہ کا ہی قانون سمجھتے ہیں۔کیونکہ قرآن کہہ رہاہے کہ ’’وما ینطق عن الھویٰ ۔۔۔‘‘یہ(پیغمبرؐ)اپنی مرضی سے کچھ نہیں بولتے بلکہ وحیٔ الہی کے مطابق کلام کرتےہیں‘‘۔یعنی قرآن کی آیتوں سے یہ ثابت ہوتاہے کہ مسلم پرسنل لاء اللہ کا قراردیا ہوا ہے اور اللہ نے قرآن میں اعلان کردیاہے کہ ’’لن تجد لسنۃ اللہ تبدیلا ‘‘۔لہذا شریعت اسلام کا کوئی بھی قانون بدل نہیں سکتااگروہ قانون واقعی اللہ کا قراردیا ہوا ہے اور رسول اسلام ٔ کی سنت طاہرہ میں اس قانون کا جواز موجود ہے ۔اگر اللہ نے اپنے قرار دیے ہوئے قانون میں اپنے رسولؐ کو بھی تبدیلی کا حق نہیں دیا اور نہ رسولؐ کو قانون وضع کرنے کا کہیں حکم دیا گیاہے تو پھر دوسروں کو یہ حق کیسے پہونچتاہے کہ وہ قانون الہی میں ’’اصلاح شریعت ‘‘ یا ’’بدعت حسنہ ‘‘کے نام پر تبدیلی کریں اور اپنی مرضی کو داخل شریعت کرکے اسلامی قانون کا مضحکہ اڑائیں۔اگر ایسا کرنے والوں کی پذیرائی ہی ہمارے عقائد کی سلامتی و استحکام کی علامت ہے تو پھر اسلامی شریعت میں تبدیلی کا حق ہرکس و ناکس کو حاصل ہے ۔
مسلم پرسنل لا ء میں تبدیلی کی آوازیں کیوں اٹھ رہی ہیں؟:
اب سوال یہ ہے کہ آیا تین طلاق کا مسئلہ اللہ کا قراردیاہوا قانون ہے یا اس قانون الہی میں وفات پیغمبرؐ کے بعد ترمیم کی گئی ہے جسے مسلمان بدعت حسنہ سے تعبیر کرتے ہیں ۔ بدعت حسنہ کو اسلام میں جگہ دینا آیا قانون الہی کے خلاف ہے یا نہیں اس پر بھی بحث لازمی ہے۔طلاق کا قانون قرآن میں موجود ہے مگر جس طلاق کی آج ہم بحث کررہے ہیں اس قانون طلاق کا شریعت محمدی سے کیا تعلق ہے اس مسئلہ پر علماء کرام سرجوڑ کر بیٹھیں ،ایک بار پھر تحقیق کریں اورعوام کو مسلم پرسنل لاء کی حقیقت سے روشناس کروائیں ۔جو قانون اللہ کے قانون کے خلاف ہو وہ کبھی قانون شریعت نہیں ہوسکتا۔جس قانون کی تائید سنت پیغمبرؐ میں موجود نہ ہو اس قانون کا نفاذ اسلام کی بدنامی اور مسلمانوں کی تباہی کا ذریعہ ہی بن سکتی ہے۔لہذا مسلمان اس مسئلہ کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بناکر طلاق کے مسئلے کو قرآن اور سنت پیغمبرؐ کی روشنی میں حل کریں تاکہ دوسروں کو یہ موقع ہاتھ نہ لگے کہ وہ قانون شریعت میں مداخلت کی راہ تلاش کرسکیں۔مسلمانوں کو غورکرنا ہوگا کہ آخر مسلم پرسنل لاء میں تبدیلی کی آوازیں کیوں اٹھ رہی ہیں ۔کیا وجہ ہے کہ خود مسلمان بھی قانون شریعت (تبدیل شدہ)کے خلاف متحد ہورہے ہیں کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم فرقہ وارانہ انانیت کی بنیاد پر اصل قانون شریعت کو کاغذکے پلندوں میں دبائے بیٹھے رہیں اور اس وقت جاگیں جب حالات ہماری دسترس سے باہر ہوچکے ہوں۔مسلمان عقل سےکام لیں کیونکہ ابھی بعض مسائل میں ہی ترمیم و تبدیلی کی آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔اس لئے کہ شریعت کے بعض ابواب ایسے ہیں جو وقت اور حالات کے لحاظ سے بدلتے ہیں مگر بنیادی قوانین کبھی نہیں بدلتے جیسے نماز کا قانون ہے ۔یہ الگ مسئلہ کہ پیغمبرؐ کے حکم ’’نماز ویسے پڑھو جیسا مجھے پڑھتے دیکھتے ہو ‘‘کے بعد بھی آج تک طریقہ ٔ نماز پر مسلمان متحد نہیں ہوسکے مگر اس طریقہ کے خلاف کبھی ترمیم کی آواز نہیں اٹھی ۔تبدیلی کی آواز انہی مسائل میں اٹھتی ہے جن مسائل میں ترمیم و تبدیلی کی گنجائش ہوتی ہے یا پہلے بھی ان مسائل میں ترمیم و تبدیلی کی گئ ہو ۔بہر حال تین طلاق کا مسئلہ سنجیدہ مسئلہ ہے او ر تمام مسلمانوں کو اس مسئلہ کا حل تلاش کرنا ہوگا تاکہ تخریبی طاقتوں کو مسلم پرسنل لاء میں مداخلت کا جواز نہ مل سکے اور تین طلاق کا ایسا شرعی حل پیش کریں جو قانون قرآن کے مطابق ہو ناکہ قانون قرآن کے خلاف کسی دوسرے کی سنت کو عوام پر تھوپنے کی کوشش کی جائے ۔