شرعی معاملات میں حکومت مداخلت نہ کرے
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی حمایت میں جاری دستخطی مہم آخری مرحلہ میں
ممبئی: شریعت اورین اسلام کے شرعی قوانین کی حفاظت اور یکساں سول کوڈ جیسے کالے قانون کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں دستخطی مہم زور و شور سے جاری ہے،اب یہ مہم اپنے آخری مرحلہ میں ہے ۔اس لئے باقی شدہ فارموں کو جلد مکمل کریں ،اور اس کو سینٹر تک پہونچائیں ۔اس طرح کی اپیل گذشتہ کل جمعیۃ علماء بھارت نگر کی جانب سے گلشن نر سری ،پلاٹ نمبر ۱۱؍ بھارت نگر،باندرہ (ایسٹ)میں منعقدہ میٹنگ میں تمام مکتب فکر کے علماء کرام نے کیا ۔ جس کی صدارت مولانا ضیاء القدیر نے فرمائی ۔
مفتی محمد امجد قاسمی (الاجماع فاؤنڈیشن ،کرلا ،ممبئی)نے کہا کہ حکومت کی طرف سے یکساں سول کوڈ،طلاق ،حلالہ وغیرہ کے ذریعہ شریعت اسلامی میں مداخلت کی تجویز کو امت مسلمہ نے مکمل طور مسترد کردیا ہے ۔اس لئے کہ احکام شریعت میں کسی بھی قسم کی کوئی ترمیم و تنسیخ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ،اور ایسا کوئی بھی قانون ہمارے لئے ناقابل قبول ہے،کیونکہ یہ قانون الٰہی ہے اور اس میں کسی کو بھی تبدیلی کا حق حاصل نہیں ،اس کے ساتھ ہی دستور ہند نے ہمیں اس ملک میں اپنی شریعت کے مطابق مذہبی طور طریقہ پر زندگی گذارنے کا حق دیا ہے۔
مولانا اشفاق الرحمٰن نے فرمایا کہ پورے ملک میں جو صورتحال بنی ہوئی ہے اس سلسلے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے یہ تاکید تھی کہ پرسنل لاء اپلیکیشن ایکٹ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا ترمیم کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرے یا جلسے جلوس منعقد نہ کئے جائیں۔جس پر ہم نے مکمل طور پر عمل کیا۔اس کے لئے ہم نے دستخطی مہم چلائی گئی جو الحمدللہ اپنے اختتام کو ہے ۔پر شدہ فارموں کو جمع کیا جارہا ہے ،12؍ نومبر سے پہلے پہلے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے دفتر پہونچا نے کی ہدایت ہے ۔
مولانا محمود الرحمٰن سلفی (امام اہل حدیث مسجد ،بھارت نگر،باندرہ )نے کہا کہ اس ملک میں مختلف مذاہب کے عائلی قوانین کے ساتھ ایک اسپیشل میرج ایکٹ بھی ہے اور کوئی بھی دو ہندوستانی شہری(مرد و عورت)اس کے تحت رشتہ ازدواج میں منسلک ہو سکتے ہیں۔
مولانا منیر نے کہا کہ ملک جس نازک دور سے گذر رہا ہے،ایسے وقت میں ہمیں شریعت کے تحفظ کی خاطر مسلکی اختلافات کو یک طرف کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر آئیں،جب ملک کی حفاظت کی بات ہو تو سارے ہندوستانی ایک پلیٹ فارم پر ہوں اور جب شریعت کی حفاظت کی بات ہو تو سارے مسلمان ایک پلیٹ فارم پر آئیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم خواتین کی ہمدردی میں مسلم پرسنل لاء میں ترمیم کے کوشاں حکومت کے اس ناپاک عزائم کی خواتین کی طرف سے بھی مخالفت مسلسل جاری ہے ۔اس پروگرام کی نظامت کی ذمہ داری مولانا محمد اجمل قاسمی نے انجام دی۔ یہ اطلاع حافظ محمد ہاشم (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء باندرہ کھار سینٹرل زون ،ممبئی )نے دی ۔
اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں علماء و عوام موجود تھے جن میں مولانا عبید اللہ،مولانا وقیع،حافظ عمر،حافظ محمد نسیم ،قاری مظاہر الحق،جناب ابراہیم ، مولانا حیات اللہ (جنر ل سکریٹری جمعیۃ علماء بھارت نگر)مولانا سلیم (خازن جمعیۃ علماء بھارت نگر)جناب فیصل،جناب افتخار وغیرہ قابل ذکر ہیں۔