پرسنل لاء اپلیکیشن ایکٹ میں ترمیم کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرے ن کریں
صدر جمعیۃ علماء ہند کی اہم ہدایت
ممبئی :حالیہ مہینوں میں حکومت ہند کے ذمہ داروں کی طرف سے شریعت اسلامی میں مداخلت کی تجویز کو امت مسلمہ کے تمام حلقوں نے یکسر مسترد کردیا ہے ۔کیونکہ شریعت اسلامی میں کسی بھی قسم کی کوئی بھی تبدیلی کا کسی کو بھی حق نہیں ہے ،اور ہمیں ہندوستان میں اپنی شریعت کے مطابق مذہبی طور طریقہ پر زندگی گذارنے کا دستوری اعتبار سے حق بھی حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے آج ممبئی میں جاری ایک صحافتی بیان میں کیا ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں جو صورتحال بنی ہوئی ہے اس سلسلے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے یہ تاکید کی ہے کہ پرسنل لاء اپلیکیشن ایکٹ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا ترمیم کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرے یا جلسے جلوس منعقد نہ کئے جائیں لہذا مسلمانوں اور مسلم تنظیموں کو پرسنل لاء کی ہدایت پر عمل کرنا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم نے جمعیۃ علماء کی تمام اکائیوں کے صدور و نظماء اعلیٰ کو یہ تاکید فرمائی ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں پوری توانائی کے ساتھ دستخطی مہم چلائیں نیز جلسے جلوس ،احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں سے مکمل طور پر گریز کریں ۔
واضح رہے کہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے مر د و خواتین کے لئے الگ الگ پروفارما جاری کیا گیا ہے ، اس کو مکمل کر اکے کمپیوٹر سے دونوں (مرد و خواتین) پروفارما کو الگ الگ اسکین کرا کر صدر جمہوریہ کے سکریٹری کے ای میل آئی ڈی secy.president@rb.nic.inاور لاء کمیشن نئی دہلی کی ای میل آئی ڈی lic-dla@nic.in پر بھیجیں،اور خواتین کے پروفارما کو صدر جمہوریہ کے سکریٹری ،لاء کمیشن کے ساتھ ساتھ نیشنل ویمن کمیشن کے ای میل آئی ڈی ncw@nic.inپر بھی بھیجیں۔اور اصل کاپی دفتر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے پتہ اور ای میل آئی ڈی All India Muslim Personal Law Board
76-A/1,Main Market,Okhla Village Jamia Nagar,New Delhi 110025(Inida)
Email:-aimplsc@gmail.comپر 12 ؍ نومبر2016 سے قبل پہلے مرحلہ کے لاکھوں کی تعداد میں مسلم خواتین اور مردوں کے تائیدی دستخط کے ساتھ فارم پہونچا دیں،جو اس بات کی ضمانت بنیں گے کہ ہندوستان میں اسلامی شریعت کو تبدیل کرنے کی ناپاک جسارت کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ۔اگر اسکین کی سہولت نہ ہو تو خط کے ساتھ( اس کی وضاحت کر دیں کہ اسکین کاپی بھیجی نہیں گئی ہے)مسلم پرسنل لاء بورڈ کے دفتر میں بذریعہ رجسٹر ڈاک یا دستی بھیجنے کی زحمت کریں ،جو دستخط نہیں کر سکتے ان کے انگوٹھے کا نشان لگوا دیں۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے جاری دستخطی مہم نومبر کے اخیر تک جاری رہے گی،الہٰذابقیہ فارم ماہ نومبر کے اخیر یا دسمبر کے اول ہفتہ میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کے مندرجہ بالا پتہ پر پہنچا دیں ، ایسی درخواست مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے کی ہے ۔