وطن دوستی جمعیۃ علماء کے بزرگوں کی وراثت ہے: مولانا شفیق قاسمی
ممبئی: ہندوستان کے سیاسی افق پر انگریزوں کے غلبہ و تسلط کے خلاف جو طویل جنگ آزادی لڑی گئی اس کا ہراول دستہ حضرات علماء کرام کی مقدس جماعت تھی، حضرت شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ ،شاہ اسماعیل شہیدؒ ،سید احمد شہیدؒ ،مولانا فضل حق خیر آبادی ؒ ،حاجی امداد اللہ مہاجر مکیؒ ، مولانا قاسم نانوتویؒ ،مولانا رشید احمد گنگوہیؒ ،شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ ،شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ ،مولانا ابو الکلام آزادؒ ،مولانا ظفر علی خانؒ ،مولانا حسرت موہانیؒ ،مولانا محمد علی جوہرؒ ،مولانا شوکت علیؒ وغیرہ کی ایک طویل فہرست ہے جس کا ذکر اس موقع پرکیا جانا چاہئے ۔نہایت افسو س کی بات ہے کہ اس وقت مسلمانوں کو خود اپنی روشن تاریخ نہیں معلوم ہے ،اور ہمارے ملک میں ایسے حالات پیدا کر دیئے گئے ہیں کہ مسلمانوں کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،ان سے محب وطن ہونے کا سر ٹیفیکیٹ مانگا جاتا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار مولانا شفیق قاسمی (نائب صدر جمعیۃ علماء باندرہ ) نے جامع مسجد باندرہ (ویسٹ ) میں منعقدہ یوم آزادی کی تقریب میں کیا۔
مولانا شفیق قاسمی نے کہا کہ حالات سے گھبرانا نہیں چاہئے،ہمارے پاس جمعیۃ علماء جیسی منظم اور ملک گیر تنظیم ہے ،جس کی قیادت حضرت مولانا سید ارشد مدنی مدظلہ جیسے بیدار مغز،عالی حوصلہ اور عالم ربانی کے ہاتھوں میں ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ملک ہمارا اور ہمارے آباء و اجداد کا ہے۔ہم یہیں پیدا ہوئے ہیں اور یہیں مر کر دفن ہوں گے ۔یہ سبق ہم کو اپنی نئی نسل کو پڑھانا ،جمہوری طور پر ہم کو جو دستوری حقوق حاصل ہیں اس سے نوجوانوں کو واقف کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔اسی طرح مظالم ،حق تلفیاں اور پریشان کن احوال میں ہم کو جائز دستوری طریقہ کار اختیار کرنا چاہئے جیسا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ماضی میں اور موجودہ وقت میں بھی اختیار کرتی ہے۔
اس موقع پرسینکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔ جن میں حافظ محمد ہاشم (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء سینٹرل زون ) قاری محمد اسعد،مولانا قاسم کاشفی (امام و خطیب مسجد کھتری ہاؤس،کھار)قاری اسعد (نائب صدر جمعیۃ علماء سینٹرل زون )ندیم احمد انصاری،شیر خان (سماج سیوک)ڈی سی پی کدم (پولس آفیسر باندرہ)تنویر پٹیل(کارپوریشن) محمود بھائی،حاجی عرفان،پنڈٹ آپلے (جری مری مندر) ولاس بھوسلے قابل ذکر ہیں ۔