خلیج فارس کا کوئی بھی ملک ایران کے خلاف خطرہ بننے کی توانائی نہیں رکھتا: علی فدوی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگرہم چاہیں تو ایک رات میں آل سعود کی حکومت کو مٹی میں ملا سکتے ہیں۔
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے سربراہ علی فدوی نے ایک پروگرام میں تقریرکرتے ہوئے کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ہمارا اصل دشمن عراق نہیں تھا اور آج بھی ہمارا اصل دشمن آل سعود کی حکومت نہیں ہے بلکہ ہمارا اصل دشمن امریکا ہے- انہوں نے کہا کہ اگرچہ سعودی حکومت کے پاس بڑے جنگی بحری جہاز ہیں لیکن گذشتہ برسوں کے دوران ہم نے کبھی بھی انہیں خلیج فارس میں نہیں دیکھا-
علی فدوی نے کہا کہ سعودی عرب کے بحری جنگی جہاز جب بحیرہ احمر کی جانب جاتے ہیں تو انہیں مجبورا آبنائے ہرمزسے ہی گذرنا پڑتا ہے مگرخلیج فارس میں کبھی بھی انہیں گشت کرتے نہیں دیکھا گیا ہے- جبکہ اس کے مقابلے میں ایران کے بحری جہاز چوبیس گھنٹے خلیج فارس میں گشت کرتے ہیں اور جو بھی بحری جہاز علاقے سے گذرتا ہے ہم اس کی نگرانی اور دیکھ بھال بھی کرتے ہیں- انہوں نے زور دے کر کہا کہ خلیج فارس کا کوئی بھی ملک ایران کے لئے خطرہ بننے کی توانائی نہیں رکھتا اور یہ بات یہ ممالک بھی جانتے ہیں۔