مکہ: 30 ہزار زائرین کے طواف کا فیصلہ
توسیع حرم کے جاری منصوبے کی تکمیل کے بعد صحن مطاف کی خالی جگہوں کومکمل کرنے کے لیے فی گھنٹہ تیس ہزار زائرین کے طواف کا اہتمام کیا جائے گا۔
زائرین کی سہولت اور ان کی امن وحفاظت کے پیش نظر ’’مسجد حرام، اس کی منازل، گیلریوں اور صحن مطاف‘‘ میں انسانی حجم میں کمی کے عنوان سے جو فیصلہ کیا گیا ہے اس کا مقصد معتمرین کی سیکیورٹی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ جیسے ہی توسیع کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا سیکیورٹی ویژن اور انتظامی پلان کی روشنی میں عمل درآمد کرتے ہوئے سہولت اور آسانی کے لیے فی گھنٹہ تیس ہزار زائرین کو طواف کا موقع دیا جائے گا۔
اس وقت کل تیار شدہ صحن مطاف 28 ہزار 870 مربع میٹر جگہ پر مشتمل ہے۔ لمحہ موجود میں مطاف میں طواف کے دوران سیکیورٹی حکام کی توجہ طواف کرنے والوں کی سیکیورٹی، انہیں منظم اور متحد رکھنے اور انہیں نماز کی اوقات میں نماز کی صفیں ترتیب دینے میں مر کوز ہے۔ حرم کوریڈور اور اس کی مختلف منازل نماز کی تنظیم کے لیے پہلے ہی استعمال کی جائیں گی۔
توسیع حرم کے خادم الحرمین الشریفین کے منصوبے پر نظر ڈالنے سے اندازہ ہوتا ہے یہ ایک واضح منصوبہ ہے جس کے تمام اہداف واضح اور طے شدہ ہیں۔ ان اہداف کی تکمیل کے بعد کعبہ شریف کے گرد رش کم کرنے میں مدد ملے گی۔
توسیع کے منصوبے میں مزید چار منزلوں اورطواف کے مزید پانچ مقامات کی شمولیت کے بعد مطاف میں مزید 23 ہزار ایک سو 59 مربع میٹر کی گنجائش پیدا ہوگی۔ اسی طرح مسجد حرام کے اندرونی مقامات میں 79 ہزار دو سو نمازیوں کی اضافی گنجائش پیدا ہوگی۔