سعودی میڈیا کی اطلاع کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے نزدیک بھگدڑ کے واقعے میں اٹھارہ زائرین زخمی ہو گئے ہیں۔
اخبار الریاض نے ہفتے کے روز ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھگدڑ کا یہ واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مسجد الحرام کے نزدیک پیش آیا تھا۔اس وقت لیلۃ القدر کی وجہ سے فرزندان توحید کی بڑی تعداد مسجد الحرام اور اس کے آس پاس جمع تھی۔
اخبار نے محکمہ صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ تمام زخمیوں کا موقع پر ہی علاج کردیا گیا اور انھیں مرہم پٹا لگادی گئی۔اس لیے کسی زخمی کو بھی اسپتال داخل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ہر سال دنیا بھر سے مسلمانوں کی بڑی تعداد رمضان المبارک کے دوران عمرے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچتی ہے۔خاص طور پر رمضان کے آخری عشرے میں ہزاروں مسلمان عمرے کے لیے آتے ہیں۔
بھگدڑ کا یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے کہ جب سعودی حکام اس سال ستمبر میں حج کے لیے نئے حفاظتی اقدامات کررہے ہیں۔ان نئے سکیورٹی اقدامات کے تحت اس سال عازمین حج ایک الیکٹرانک بریسلٹ بھی پہنیں گے۔اس میں ان کے بارے میں ذاتی معلومات اور طبی ریکارڈ درج ہو گا۔