اقامہ ختم ہونے پر 500 پاکستانی دمام میں پھنسے
دمام : روزی کمانے کیلئے برادر اسلامی ملک سعودی عرب گئے پاکستانی گھر والوں کا خرچ تو کیا اٹھائیں گے ناقص حکومتی اقدامات اور امتیازی سلوک کے باعث زکوٰة اور صدقے سے سحری اور افطاری کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے شہر دمام میں گزشتہ کئی دنوں سے 500 پاکستانی اقامے کی میعاد ختم ہونے کے بعد پھنسے ہوئے ہیں اور انہیں شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔ متاثرین کے پاس کھانے پینے کی اشیاختم ہوگئی ہیں جبکہ ان کی کمپنی کی جانب سے انہیں گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیںجس کے باعث وہ سحری اورافطارمیں صدقہ خیرات کا کھانا کھانے پر مجبورہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا نے کہاہے کہ دمام میں پھنسے پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں، سعودی حکومت سے معاملہ حل کرنے کے لیے اقدام کرنے کی درخواست کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے چند ہفتے قبل ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ دمام میں پھنسے پاکستانی ملازمین کی تعداد110 ہے اور باقی دیگر ممالک کے شہری ہیں لیکن حکومت اتنے ہفتے گزرنے کے باوجود بھی تھوڑے سے پاکستانیوں کو ہی نکال نہیں پائی۔