خادم حرمین شریفین کا مسجد نبوی کا دورہ
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود بدھ کی شام جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے۔ پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فيصل بن سلمان نے سعودی فرماں روا کا استقبال کیا۔
مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد خادم حرمین نے مسجد نبوی کا رخ کیا جہاں حرم نبوی کے دروازے پر ان کا استقبال مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السديس، مسجد نبوی کے امور کے نائب سربراہ شیخ عبدالعزيز الفالح ، مسجد نبوی کے آئمہ کرام اور حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے ذمہ داران نے کیا۔ بعد ازاں خادم حرمین شریفین، سعودی ولی عہد اور دیگر شہزادوں نے روضہ شریف پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے دونوں اصحاب رضی اللہ عنہما کی خدمت میں سلام پیش کیا۔
اس کے بعد شاہ سلمان کو دو تحفے پیش کیے گئے جن میں قرآن کریم کا ایک نادر نسخہ اور مسجد نبوی کی لائبریری کے بارے میں ایک کتاب شامل ہیں۔