لیبیا کے شہر سرت میں خود کش کار بم دھماکہ
لیبیا کے شہر سرت میں دہشت گرد گروہ داعش کی جانب سے کئےجانے والے خودکش کار بم دھماکے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کی متحدہ قومی حکومت نے کہا ہے کہ جمعے کے دن دہشت گرد گروہ داعش سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے سرت شہر میں خودکش کار بم دھماکہ کیا۔ جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ گزشتہ اتوار کے دن سے لیبیا کی متحدہ قومی حکومت کے حامی فوجیوں پر کیا جانے والا یہ نواں دہشت گردانہ حملہ شمار ہوتا ہے۔
سرت لیبیا کا ساحلی شہر ہے اور جون دو ہزار پندرہ سے اس پر داعش کا قبضہ ہے۔ لیبیا کی سیکورٹی فورسز اس شہر کو داعش سے آزاد کرانے کے لئے کوشاں ہیں اور انہوں نے بارہ مئی دو ہزار سولہ سے سرت کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے وسیع حملے شروع کر رکھے ہیں۔ ان سیکورٹی فورسز کو عالمی برادری کی حمایت حاصل ہےاور انہوں نے گزشتہ ہفتے سرت شہر کا محاصرہ کرنے اور شہر میں داخل ہونے میں کامیابی حاصل کر لی تھی ۔ دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کی جانب سے کئےجانے والے حملوں کی وجہ سے ان سیکورٹی فورسز کی پیشقدمی سست روی کا شکار ہے۔