زائرین عمرہ کی تعداد میں 2020ء تک 30 فی صد اضافہ متوقع
سعودی عرب کے وژن 2030ء کے تحت قومی تبدیلی کے پروگرام 2020ء کے مطابق عازمین حج کی سالانہ تعداد میں 13 فی صد اور عمرہ زائرین کی تعداد میں 30 فی صد تک اضافہ متوقع ہے۔
قومی تبدیلی پروگرام کے مطابق سعودی عرب میں اندرون اور بیرون ملک سے 2020ء تک حجاج کرام کی تعداد بڑھ کر پچیس لاکھ ہونے کی توقع ہے۔اس طرح سالانہ 13 فی صد اضافہ ہو گا۔گذشتہ سال بیرون ملک سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد پندرہ لاکھ رہی تھی۔
سعودی وزارت حج اور عمرہ کے ترجمان حاتم القادی نے کہا ہے کہ حجاج کرام کی تعداد میں سالانہ اضافے میں دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام شامل ہوں گے۔وزارت حج نجی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ان حجاج کرام کی رہائش اور دیکھ بھال کا بندوبست کرے گی۔
انھوں نے کہا کہ وزارت سارا سال حجاج اور زائرین عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے فرزندان توحید کی خدمات میں مصروف رہتی ہے۔انھوں نے بتایا ہے کہ 2020ء تک ڈیڑھ کروڑ عمرہ زائرین سعودی مملکت میں آئیں گے۔اس طرح موجودہ سالانہ 60 لاکھ تعداد میں 30 فی صد اضافہ ہوگا۔