مسجد نبوی میں 12 زبانوں میں تلاوت کلام پاک
رمضان المبارک کے مقدس ایام آتے ہی روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پرحاضری دینے والے عاشقان رسول کی تعداد بھی غیرمعمولی حد تک بڑھ جاتی ہے اور ہرطرف ماہ صیام کی ایمانی رونقیں جلوہ فگن ہوتی ہیں۔ حسب معمول امسال بھی مسجد نبوی میں ماہ صیام اورعاشقان رسول کی آمد نے مقام مقدس کے روحانی کیف و مستی کو چار چاند لگا دیے ہیں۔
اس پر مستزاد مسجد نبوی کی انتظامیہ کی قابل ستائش مساعی ہیں جس نے زائرین کے لیے سہولیات مہیا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی اور یہ ثابت کیا ہے کہ روضہ رسول کے میزبان دُنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی خدمت میں کس طرح جتے ہوئے ہیں۔
ماہ صیام آتے ہی مسجد نبوی کی انتظامیہ کی مصروفیات بڑھ جاتی ہیں۔ جیسے جیسے روضہ رسول پرحاضری دینے والوں کی تعداد بڑھتی جاتی ہے۔ ایسے ہی انتظامیہ کی جانب سے حسن انتظام کا مظاہرہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
مختلف زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم، دینی اور اسلامی تاریخ کی کتب سے مسجد نبوی کی الماریاں بھرجاتی ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اس بار بھی مسجد کی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لیے اردو زبان سمیت 12 زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم کا اہتمام کیا ہے۔ دیگر زبانوں میں فرانسیسی، انڈونیشین، ترکی، چینی، صومالی، ملیباری، تھائی، اسپانوی، بوسنیائی، البانوی اور ھوسا زبانوں میں بھی قرآن کریم کے تراجم موجود ہیں جن سے زائرین بھرپور استفادہ کررہے ہیں۔