مُعتمرین کی خدمت کیلئے 4 زبانیں جاننے والے 1 ہزار سیکورٹی اہل کار
رواں سال رمضان المبارک کے دوران معتمرین اور مسجد حرام کے زائرین کی خدمت کے لیے ایک ہزار سیکورٹی اہل کار خصوصی طور پر مقرر کیے گئے ہیں۔ چار زبانیں جاننے والے یہ اہل کار اپنی وردی پر خصوصی اسکارف کے ذریعے علاحدہ نظر آئیں گے۔
حج اور عمرہ کی سیکورٹی کے لیے اسپیشل فورسز کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عبداللہ الغفیص نے ہفتے کے روز پریس کانفرنس میں بتایا کہ مذکورہ سیکورٹی اہل کار انگریزی، فرانسیسی، اردو اور فارسی زبان میں بات چیت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سیکورٹی اہل کار حرم مکی میں کام کرنے والی مجموعی فورس کا 25 فی صد ہیں۔ مجموعی فورس 4 ہزار اہل کار اور 50 افسران پر مشتمل ہے۔
الغفیص کے مطابق چار زبانیں بولنے والے یہ سیکورٹی اہل کار اپنے سینوں پر نیلے رنگ کا اسکارف لگائیں گے۔ یہ لوگ صحنوں، کھلے میدانوں اور راہ داریوں میں موجود ہوں گے تاکہ ہدایات سے متعلق خدمات پیش کرنے کے علاوہ معتمرین اور زائرین کے استفسار کو جواب دے سکیں۔
عارضی پُل (موبائل مطاف) کو ہٹانے دینے بعد مطاف کے صحن کی گنجائش فی گھنٹہ 19 ہزار سے بڑھ کر 30 ہزار افراد فی گھنٹہ ہوگئی ہے۔ اس طرح ایک گھنٹے کے اندر حرم شریف کی تمام منزلوں میں مجموعی طور پر طواف کرنے والوں کی تعداد 1 لاکھ 7 ہرزار ہوگئی ہے۔ اسی طرح اب طواف کرنے والے بنا کسی رکاوٹ کے بیت اللہ کو براہ راست دیکھ سکیں گے اور سہولت کے ساتھ طواف مکمل کریں گے۔