سعودی عرب کے ولی عہد، وزیر داخلہ اور حج سپریم کمیٹی کے سربراہ شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز نے باور کرایا ہے کہ مملکت کی تاسیس کے وقت سے ہی اس کی قیادت کی یہ شدید خواہش رہی ہے کہ حجاج کرام اور معتمرین کی انتہائی دیکھ بھال کے ساتھ خدمت کی جائے۔
ولی عہد نے یہ بات ہفتے کے روز ہونے والے ایک اجلاس کے اختتام پر اپنے خطاب میں کہی۔ شہزادہ محمد بن نایف کے زیرصدارت اجلاس میں رواں سال عمرہ سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سیکورٹی پلانوں کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خادم حرمین شریفین کے مشیر، مکہ مکرمہ کے گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ خالد الفیصل بھی موجود تھے۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ "میں حرمین شریفین کی خدمت کے سلسلے میں اپنے برادر خالد الفیصل کی کوششوں کو گراں قدر جانتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ الحمد للہ ہماری سیکورٹی فورسز میں موجود بھائی بھرپور طریقے سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں اور ان کے ہم وطنوں اور معتمرین کو ان اہل کاروں پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اس بھروسے کے قابل بھی ہیں۔ یہ لوگ اللہ عزوجل سے اس کام کا پورا اجر پائیں گے۔ اس لیے کہ ان کی خدمات کے برابر دنیاوی طور پر کوئی اجر نہیں ہے"۔
شہزادہ محمد بن نایف نے باور کرایا کہ وہ مختلف وقتوں میں سیکورٹی اہل کاروں کی جانب سے کارروائی کے لیے مطلوب تمام تر ضرورتوں کی فراہمی کے لیے کام کریں گے۔