مراٹھواڑہ میں جمعیۃ علماء کی آبی امداد
قحط زدہ اضلاع میں۱۵۰؍ ٹینکر پانی مفت تقسیم لیا
ممبئی: مہاراشٹر کے علاقہ مراٹھواڑہ میں ان دنوں قحط کی وجہ سے لوگ پانی کے بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ ایسے میں جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا (ارشد مدنی) کی جانب سے ۶؍ نفری علماء کا وفدعلاقہ مراٹھواڑہ کے مختلف اضلاع میں پانی ایجنسی سے ۷۵۰؍ روپیہ ٹینکر کے حساب سے ۱۵۰؍ ٹینکر (فی ٹینکر ۵۰۰۰؍ لیٹر) خرید کر عوام میں مفت تقسیم کیا۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) کی ایماء پر جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا کا یہ وفد اتوار کی رات ممبرا سے مراٹھواڑہ کے لئے روانہ ہوا ۔ اول عثمان آباد میں پہونچ کر وفد نے مولانا غلام مصطفیٰ کی نگرانی میں ۲؍ ٹینکر پانی تقسیم کیا ، اور ۲۵؍ ٹینکر کی رقم مقامی ذمہ دار وں کے حوالے کر کے یہ وفد علاقہ کے سب سے زیادہْ قحط کا شکا رضلع لاتور پہونچا ، وہاں پر مولانا اسرائیل رشیدی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع لاتور) کی نگرانی میں ۲؍ ٹینکر پانی اپنے ہاتھوں تقسیم کیا ۔اور ۴۰؍ ٹینکر پانی کی رقم ان کے حوالہ کردی۔ اس کے بعد وفد ادگیر پہونچا اور وہاں پر بقیہ ٹینکروں کی رقم مقامی ذمہ داروں کے حوالہ کی۔
اس وفد میں مولانا عبد الوہاب قاسمی (صدر جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا ) مولانا شفیق الرحمٰن ندوی (نائب صدر جمعیۃ علماء کوسہ ممبرا) حافظ مجتبیٰ،حافظ ناصر،محمد عمر مومن،ہدایت چچاشامل تھے۔