حجاج کے امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے: شاہ سلمان
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے باور کرایا ہے کہ سعودی عرب تمام مسلمانوں کے حوالے سے خود پر عائد فرائض اور ذمہ داریوں سے بڑھ کر حرمین شریفین کا رخ کرنے والوں کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنے کا خواہاں ہے۔
پیر کے روز کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ سلمان نے زور دیا کہ اللہ کے مہمانوں کے امن ، سلامتی اور راحت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ لوگ پورے اطمینان اور سکون کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔
سعودی فرماں روا نے معتمرین اور زائرین کی خدمت سے متعلقہ تمام اداروں اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ حرمین شریفین آنے والوں کے لیے ایمانی فضا قائم کرنے کے سلسلے میں بھرپور کوششیں انجام دیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت تمام مسلمانوں کو رمضان کا مبارک مہینہ نصیب فرمائے اور تمام مسلمانوں کے نیک اعمال کو قبول فرمائے۔