امریکا نے ایک فضائی حملے میں عراق کے شہر فلوجہ میں دولت اسلامیہ ’داعش‘ کے سربراہ ماھر البیلاوی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکا کی قیادت میں داعش کے خلاف سرگرم بین الاقوامی اتحاد کے ترجمان اور امریکی فوج کے سینیر عہدیدار کرنل اسٹیو وارن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلوجہ کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے لیے شروع کردہ آپریشن کے دوران ایک فضائی کارروائی میں داعش کے مقامی سربراہ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ اپنے کئی ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا۔
کرنل اسٹیو وارن کا مزید کہنا ہے کہ عالمی اتحادی فوج نے فضائی حملوں میں فلوجہ میں داعش کے 70 جنگجو ہلاک کردیے ہیں۔ ان میں فلوجہ میں شدت پسند گروپ کے سربراہ ماھر البیلاوی بھی شامل ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ چار ایام میں اتحادی فوج نے فضاء اور توپ خانے سے داعش کے ٹھکانوں ہر 20 بڑے حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں فلوجہ میں داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کرنل وارن کا کہنا تھا کہ فلوجہ میں داعش کے خلاف جاری آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ اس آپریشن میں دشمن کو بھاگنے کا موقع نہیں دیا جائے گا تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ فلوجہ میں گھیرا تنگ ہونے کے بعد داعشی دہشت گرد اپنی جنگی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے اپنے ٹھکانے تبدیل کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ فلوجہ میں داعش کے خلاف عراقی فوج نے تازہ آپریشن گذشتہ سوموار کو شروع کیا تھا۔ مغربی بغداد سے 50 کلومیٹر دور واقع اس شہر پر داعش نے جنوری 2014ء کو قبضہ کرلیا تھا۔
فلوجہ میں داعشی دہشت گردوں کی تعداد 500 سے 1000 کے درمیان بیان کی جاتی ہے جب کہ شہر میں عام آبادی 50 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ حالیہ آپریشن کے دوران داعش نے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا شروع کیا ہے اور شہریوں کو محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ مقامی حکومتی عہدیداروں کے مطابق کل جمعہ کو سیکڑوں افراد جنگ سے متاثرہ علاقوں سے نکل کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔
اسی سیاق میں امریکی طیاروں سے فلوجہ میں شہری آبادی پر پمفلٹ گرائے گئے ہیں جن میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی جانیں بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہوں اور جو شہری اپنے گھروں سے نہ نکل سکیں وہ گھروں کی چھتوں پر سفید پرچم لہرائیں تاہم وہاں پر عام شہریوں کی موجودگی کی نشاندہی ہوسکے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ فلوجہ میں عراقی فوج داعش کے خلاف کارروائی کے دوران عام شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرے گی۔