آتشزدگی متاثرین میں ایک لاکھ روپیہ کی نقد ریلیف تقسیم
ممبئی :مضافات ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقہ گونڈی کے گوتم نگر علاقے میں اچانک آگ لگ جانے کی وجہ سے ایک سو سے زائدمکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔
مقامی جمعیۃ علماء کی جانب سے عبوری راحت کے لئے ان کے خورد و نوش کی اشیاء فراہم کی گئیں،جس میں کپڑے،برتن،پانی کے گیلن اور اناج،دودھ،شکر وغیرہ شامل تھے ۔
جمعیۃ علماء (ارشد مدنی)نے اپنی روایت کے مطابق آج بروز جمعرات صبح ساڑھے دس بجے بمقام’’ جامعہ فاطمۃ الزہراء للبنات ‘‘ شیواجی نگر، گونڈی میں بائیس خاندانوں میں ایک لاکھ (1,00,000/-)روپیہ نقد امدادی رقم تقسیم کی ۔
واضح رہے کہ مقامی جمعیۃ علماء حادثہ کی خبر موصول ہوتے ہی امداد و راحت رسانی کے لئے پیش پیش ہے۔
اس موقع پر جمعیۃ علماء شمال مشرقی زون کے ذمہ داران موجود تھے ،جن میں موالانا اشتیاق احمد قاسمی، مولانا محمد اسید قاسمی،مولانا محسن علی ،مولانا صدر عالم قاسمی،مولانا محفوظ الرحمٰن ،مفتی شرف الدین،مفتی شکیل ،قاری عبد اللہ،زین العابدین، حاجی نعیم،مولانا اشرف علی نعمانی، اہل اللہ ،مولانا حبیب الرحمٰن ،مولانا زبیر احمد قاسمی،بقاء اللہ، وغیرہ قابل ذکر ہیں۔