معاشرہ کی اصلاح مدارس و مکاتب ہی سے ممکن ہے: مولانا جہانگیر عالم قاسمی
لکہنوُ: مدرسہ جامعۃ الصالحات رام نگر بالا گنج لکھنؤ کی طرف سے اصلاح معاشرہ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں حضرت مولانا جہانگیر عالم قاسمی نے علم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فرمایا کہ اصلاح معاشرہ کا کام صرف دینی علم کی اشاعت ہی سے کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے مکاتب و مدرسے ہمارے معاشرے کے لئے بہت اہم ہیں۔ ان کی حیثیت پاؤر ہاؤس کی ہے جہاں سے پورے معاشرے میں دل و دماغ کی روشنی کا انتظام ہوتا ہے۔
مولانا عتیق الرحمن قاسمی نے رمضان المبارک کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مبارک مہینہ کا استقبال پورے جوش و خروش کے ساتھ کرنا چاہئے اور یہ نیت کرنا چاہئے کہ اس ماہ مبارک میں اپنے آپ کو بدلنا ہے۔ غفلت اور کوتاہی کو دور کرنا ہے اور اللہ سے تعلق اور قربت پیدا کرنا ہے۔ اس سے قبل بعد نماز مغرب طلبا و طالبات نے تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔ جس کی نظامت کے فرائض مولانا کفیل صاحب نے انجام دیئے۔ جلسہ کا آغاز قاری جابر حسین صاحب کی تلاوت اور جناب مجیب فتحپوری کی نعت سے ہوا۔ اور جلسہ کی نظامت کے فرائض قاری سید شاہ فیصل ناظم مدرسہ فصیح القرآن نے انجام دیئے جبکہ قاری عبدالرحمن، قاری احمد حسن، مسلم یوتھ بردرس کے بانی و جنرل سکریٹری حافظ سید محمد وصی، حاجی سخاوت، حافظ محمد یونس، یوسف بھائی، ڈاکٹر زبیر، نور بھائی اور اہل محلہ نے شرکت فرما کر جلسہ کو پر رونق بنا دیا۔
اخیر میں قاری یونس ندوی کی دعا پر جلسہ اپنے اختتام کو پہونچا۔ یہ اطلاع مدرسہ کے نام جناب قاری عبداللہ صدیقی صاحب نے عنایت فرمائی ہے۔