اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ نے مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کرکے اپنی پارٹی کی جانب سے حمایت کا یقین دلایا ہے۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نیشنل پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ان کی جدوجہد کی حمایت کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختون خواہ میں شیعہ مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کا انہیں پورے طور پر علم نہیں تھا لیکن ان کی جماعت اپنے شیعہ بھائیوں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پارا چنار اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال دسویں دن میں داخل ہوگئی ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نےشیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبر پختون خواہ کی حکومت اپنے شیعہ بھائیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما محترمہ شیری رحمان نے بھی ایک وفد کے ہمراہ بھوک ہڑتال کیمپ کا دورہ کرکے ، اپنی پارٹی کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر مجلس وحدت مسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کے لیے آئی ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ پی پی پی ،ملک کے شیعہ مسلمانوں کے مسائل و مشکلات کو پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے اٹھائے گی اور انہیں دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر ے گی۔