علم ہی انسان کو انسان بناتا ہے:مولانا رابع حسنی ندوی
لکھنؤ:مدرسہ مظہر الاسلام بلوچ پورہ شاخ دار العلوم ندوۃ العلماء کا سالانہ جلسہئ دستار بندی و تقسیم انعامات زیرصدارت میر کارواں حضرت مولانا سیّد محمد رابع حسنی ندوی ناظم دار العلوم ندوۃ العلماء منعقد ہوا۔ جس کی نظامت نائب مہتمم مولانا محمد مشتاق ندوی نے کی۔ جلسہ کا آغاز حافظ منہاج متعلّم مدرسہ مظہر الاسلام کی تلاوت سے ہوا۔ صدر جلسہ حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی نے اپنے صدارتی خطبہ میں فرمایا علم ہی انسان کو انسان بناتا ہے۔ انسان جب دنیا میں آتا ہے تو بالکل انجان ہوتا ہے۔ علم ہی اس کو جینے کا سلیقہ اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر رہنے کا ڈھنگ سکھاتا ہے۔ علم کے بنا انسان جانور نما حرکتیں کرتا ہے۔ ایک دوسرے کے حقوق سے لا علم ہوتا ہے۔ جس کی وجہ سے دنیا میں فساد برپا ہوتا ہے۔ مدرسے انسانیت کا پیغام اپنے طلبہ کو بڑے پیمانے پر دیتے ہیں۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان مدرسوں کا ساتھ دیں، مدرسہ کے شعبہئ حفظ کے ۷۲ وہ طلباء جنھوں نے قرآن پاک حفظ مکمل کیا ان کی صدر جلسہ کے مبارک ہاتھوں سے دستار بندی عمل میں آئی اور مختلف علمی مقابلوں میں اوّل، دوم، سوم آنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا۔ مدرسہ کے مہتمم حضرت مولانا محمد عمار حسنی ندوی نے مدرسہ کی تعلیمی رپورٹ پیش کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے دار العلوم ندوۃ العلماء کے معتمد تعلیم حضرت مولانا واضح رشید ندوی اور سیّد حسین احمد سابق ایڈوکیٹ جنرل نے شرکت کی۔ اور اس موقع پر معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی جلسہ کا اختتام صد جلسہ کی دعا پر ہوا۔