امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے ساتھ آئے ہوئے وفد نے اتوار کے روز جدہ کے قصر السلام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی۔
ذراےُ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے شعبے، خطے کی صورت حال اور اس سلسلے میں پیش رفت کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو زیربحث لایا گیا۔
ملاقات میں سعودی ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نايف بن عبدالعزيز، وزير ثقافت و ذرائع ابلاغ ڈاکٹر عادل بن زيد الطريفی، وزیر خارجہ عادل الجبیر، وزير مملکت کابینہ کے رکن اور شاہی دفتر کے سربراہ خالد بن عبدالرحمن العيسى کے علاوہ سعودی عرب میں امریکی سفیر جوزف ویسٹ فال، امریکی وزیر خارجہ کے معاون جوناتھن وائنر اور دیگر متعدد اہل کار شریک تھے۔
ادھر سعودی ولی عہد اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نايف بن عبدالعزيز نے جان کیری کے ساتھ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات اور متعدد شعبوں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشترکہ تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی ولی عہد نے جدہ کے قصر السلام میں اپنے دفتر میں امریکی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔
بات چیت میں خطے میں تازہ ترین پیش رفت اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کے مواقف بھی زیربحث آئے۔
ملاقات کے دوران سعودی وزیر داخلہ کے مشیر عبدالعزيز بن سعود، وزیر خارجہ عادل الجبیر، جنرل انٹیلجنس کے سربراہ خالد بن علی الحميدان اور مملکت میں امریکی سفیر جوناتھن ویسٹ فال بھی موجود تھے۔