پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک امریکی صدارتی امیداورڈونالڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کی کالونی نہیں ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں گرفتار ڈاکٹر شکیل آفریدی سے بیان پر چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کہ مونگ پھلی کے چند دانوں کے بدلے میں پاکستان کو دھمکایا نہیں جاسکتا۔ان کا اشارہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والے امدادی رقم کی جانب تھا۔
امریکی کانگریس نے ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے لیے پاکستان کی امداد روکے جانے کے بعد، ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالنے کی غرض سے پاکستان کی امداد میں مزید کمی پر غور شروع کردیا ہے۔
پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک خود مختار ملک سے متعلق بات کرنے کا سلیقہ سیکھنا چاہیے، وہ یاد رکھیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ شکیل آفریدی کے مستقبل کا فیصلہ امریکا کے صدارتی اُمیدوار نہیں پاکستانی عدالتیں کریں گی۔
شکیل آفریدی کو اسامہ بن لادن کی تلاش کے لیے امریکا کی معاونت پر پاکستانی عدالت نے تیئیس سال قید کی سزا سنائی تھی ۔