عراقی دارالحکومت بغداد میں پیر کے روز ایک خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں ان شیعہ زائرین کو نشانہ بنایا گیا جو امام موسی کاظم (رحمہ اللہ) کے یوم وفات کی تقربات میں شرکت کے لیے پیدل جا رہے تھے۔
بغداد آپریشنز کمانڈ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل سعد معن کے مطابق “خودکش حملہ آور نے دوپہر کے وقت دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے زائرین کو الدورہ کے علاقے میں نشانہ بنایا”۔
بغداد کے الیرموک ہسپتال میں طبی ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کا نشانہ بننے والوں میں عورتیں اور بچے بھی ہیں۔
واضح رہے کہ امام موسیٰ کاظم ( اثنا عشری شیعوں کے نزدیک ساتویں امام) کے یوم وفات کی تقریبات میں شرکت کے لیے پورے عراق سے ہزاروں افراد پیدل چل کر بغداد کے شمالی علاقے کاظمیہ آتے ہیں جہاں امام کا مزار واقع ہے۔