شام کے سب سے بڑے شہر حلب میں باغیوں اور شامی فوج کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران آٹھ بچوں سمیت کم سے کم تیس افراد ہلاک اور بیسیوں زخمی ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے منگل کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ حلب میں شامی فوج اور باغیوں دونوں نے ایک دوسرے کے زیر قبضہ علاقوں پر بمباری کی ہے۔
حلب میں گذشتہ چند روز سے باغی گروپوں اور شامی فوج کے درمیان لڑائی میں شدت آئی ہے اور امریکا اور روس کی ثالثی میں طے شدہ جنگ بندی ختم ہونے کے قریب ہے۔حلب میں باغی گروپوں کے اتحاد نے ہفتے کے روز دھمکی دی تھی کہ اگر شامی فوج کے شہری علاقوں پر فضائی حملے جاری رہے تو وہ جنگ بندی کو توڑ دیں گے۔اس پر فروری سے جزوی عمل درآمد کیا جارہا ہے۔