سعودی عرب کی حکومت کی جانب سےعمرہ سیزن کے دوران دُنیا بھرمیں عازمین عمرہ کے لیے پانچ ماہ میں چھیالیس لاکھ سے زاید عمرہ ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب کے قومی حج کمیشن کے وائس چیئرمین انجینیر عبداللہ القاضی نے اخبار ’’الا قتصادیہ‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سال رواں کے عمرہ سیزن کے پہلے پانچ ماہ کے دوران اب تک 46 لاکھ 50 ہزار عمرہ ویزے جاری کیے گئے۔ جب کہ عمرہ کرنے والے غیر ملکی مسلمانوں کی تعداد 41 لاکھ رہی۔

انہوں نے بتایا کہ عمرہ سیزن کے حالیہ دو مہینوں میں بعض ممالک کے عازمین عمرہ کی تعداد میں کمی اور بعض کے عازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے دو برسوں کی نسبت اس سال کے اب تک کے عمرہ سیزن میں عمرہ کے لیے آنے والے غیرملکیوں کی تعداد میں دو فی صد کی معمولی کمی دیکھی گئی۔

رواں سال کے صفر المظفر اور ربیع الاول کے مہینوں میں بھی عازمین عمرہ کی تعداد میں 12 فی صد کا فرق ریکارڈ کیا گیا۔ عمرہ کے لیے آنے والے غیرملکی شہریوں میں مصر کے عازمین سب سے زیادہ ہیں۔ دوسرے نمبر پرپاکستان اور تیسرے پرانڈونیشیا کے عازمین عمرہ نے حرمین شریفین کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔

عبداللہ القاضی کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں عازمین عمرہ کی تعداد میں غیرمعمولی اضافے کی توقع ہے۔ بالخصوص ماہ صیام میں بیرون اور اندرون ملک سے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین حرمین شریفین کی زیارت کوآئیں گے۔