اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کی طاقت، پڑوسی اور اسلامی ملکوں کے خلاف نہیں ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے یوم افواج کی مناسبت سے تقریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی کے فرمان اور وصیت نیز سپریم کمانڈر آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای کی تدبیر اور فہم و فراست کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج ، اسلامی فوج ، اسلامی نظام کی فوج، اور پوری ملت ایران کی فوج ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ آج ایرانی قوم ، اس فوج پر فخر کرتی ہے جو طاقتور اور مقتدر ہے اور مذہبی و اسلامی محرکات کے ساتھ قومی مفادات کی فکر میں ہے اور جو ایران کی جغرافیائی، سیاسی اور ثقافتی سرحدوں نیز عوام کی جان و مال کی محافظت کر رہی ہے-
صدر روحانی نے کہا کہ اگر آپ آج دیکھ رہے ہیں کہ سامراجی طاقتیں اور ان کے ایجنٹ علاقے میں ایران کو للچائی ہوئی نظروں سے نہیں دیکھ سکتے تو یہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقتور اور مقتدر مسلح افواج کی مرہون منت ہے- صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دفاعی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے لیکن دھمکیوں کے مقابلے میں دھمکی دیتا اور جارحیت کے بدلے میں جارح کے ہاتھ کاٹ دیتا ہے-
ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ سازشیں کرنے والوں کو جان لینا چاہئے کہ ایران کی مسلح افواج کی طاقت، ایران کے دفاع کے لئے ہے-
واضح رہے کہ اتوار سترہ اپریل کی تاریخ، ایران میں یوم افواج کے طور پر منائی جاتی ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں صدر حسن روحانی کی موجودگی میں یوم مسلح افواج کی مناسبت سے فوجی دستوں نے پریڈ کی-
تہران میں مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب میں صدر حسن روحانی کے علاوہ مسلح افواج کے اعلی کمانڈر ، فوج کے سربراہ میجر جنرل صالحی، مسلح افواج کی مشترکہ کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل فیروز آبادی، بری فوج کے سربراہ جنرل پوردستان موجود تھے -تہران میں یوم مسلح افواج کی شاندار تقریب حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم کے قریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں ایرانی مسلح افواج نے اپنے جدید ترین ہتھیاروں کو پیش کیا اور صدر حسن روحانی نے اس تقریب سے خطاب کیا-