تہران کے خطیب جمعہ نے دشمنوں کی دھمکیوں کے مقابلے میں ایران کی مسلح افواج کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنوں کی دھمکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کی مسلح افواج کو ملک کے دفاع کے لئے جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کرنا ضروری ہے اور اس بارے میں کسی بھی دوسرے ملک کو بولنے کا حق نہیں ہے – تہران کے خطیب جمعہ نے علاقے میں امریکا کی زور و زبردستی کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ایران کی مسلح افواج کو ہتھیاروں سے لیس کرنے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا – انہوں نے علاقے میں آل سعود اور صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکا مسلمانوں کا خون بہانے کے لئے ان حکومتوں کو مہلک ہتھیار فراہم کرتاہے -انہوں نے علاقے میں امریکا کی غلط پالیسیوں کو ہی بدامنی کا باعث قرار دیا اور کہاکہ امریکا کی پالیسیاں علاقے کے ملکوں کے لئے نقصان دہ ہیں – تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینے کے تعلق سے خلیج فارس تعاون کونسل اور عرب لیگ کے غلط موقف کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سبھی کو اس بات کا اعتراف ہے کہ لبنانی تنظیم حزب اللہ کے جیالے صیہونی حکومت کی سازشوں کے مقابلے میں اپنے ملک لبنان کا دفاع کر رہے ہیں اور ساتھ ہی مغرب اور علاقے کی بعض فاسق حکومتوں کے حمایت دہشت گردوں کے خلاف بھی جنگ کر رہے ہیں – آیت اللہ موحدی کرمانی نے حالیہ پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات میں ایرانی عوام کی شاندار اور بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ اداکیا اور منتخب ہونےوالے ارکان پارلیمنٹ کو سفارش کی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں سے عوام اور رائے دہندگان سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں – تہران کے خطیب جمعہ نے عید نوروز اور نئے ہجری شمسی سال کی آمد کی مناسبت سے ایرانی عوام، سبھی اور فارسی زبان اقوام کو مبارکباد پیش کی اوراس امید کا اظہار کیا کہ نیا ہجری شمسی سال ایرانی عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا