اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں زخمی ہونے والی چھے سالہ فلسطینی بچی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئی ہے۔
غاصب اسرائیلی حکومت کے جنگی طیاروں نے ہفتے کی صبح شمال غزہ پٹی کے علاقے بیت لاھیہ پر بمباری کی تھی جس میں ایک دس سالہ فلسطین بچہ شہید اور اس کی چھے سالہ بہن اور تیرہ سالہ بھائی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں زخمی ہونے والی چھے سالہ بچی بھی شہید ہو گئی ہے جبکہ تیرہ سالہ بچے کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے بیت لاھیہ میں حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اکثر غزہ کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتی ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے سن دو ہزار چودہ میں غزہ پر بھرپور جنگ بھی مسلط کی۔ پچاس روز تک جاری رہنے والی اس جنگ میں دو ہزار سے زیادہ فلسطینی شہری شہید ہوئے تھے جن میں پانچ سو ستتر بچے تھے۔
اسرائیل نے سن دو ہزار سات سے غزہ کا زمینی ، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا جس کے نتیجے میں ڈیڑھ ملین سے زیادہ فلسطینی شہریوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔