تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ میدان میں عوام کی ہمہ وقت موجودگی اور مسلح افواج کی دفاعی توانائیوں نے دشمنوں سے اسلامی جمہوریہ ایران پر جارحیت اور دست درازی کرنے کی جرات و ہمت سلب کر لی ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے تہران کی نماز جمعہ کے خطبوں میں ایران کے میزائلی تجربات پر بڑی طاقتوں کے اظہار تشویش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج منجملہ ایران کی بحریہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سلامتی کو یقینی بنانے کی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔
تہران کے خطیب جمعہ نے ایران کے اسلامی جمہوری نظام کو دنیا کے سبھی ملکوں کے لئے ایک مثال قرار دیا اور کہا کہ بہت سے ممالک صرف اپنی قوم یا دیگر قوموں کا استحصال کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران صرف اپنی قوم کے حقوق و مفادات کی تکمیل کے لئے ہی کوشاں رہتا ہے- تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کبھی بھی کسی دوسرے ملک کے لئے خطرہ نہیں ہو گا، کہا کہ دنیا آج اس نتیجے پر پہنچ گئی ہے کہ ایران کے عوام امن پسند عوام ہیں اور کسی بھی دوسرے ملک یا قوم کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے ہیں۔
آیت اللہ امامی کاشانی نے چھبیس فروری کے انتخابات میں ایرانی عوام کی شاندار شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باسٹھ فیصد رائے دہندگان کی شرکت اسلامی انقلاب کے دشمنوں کی سازشوں کامنہ توڑ جواب ہے- انہوں نے عوام کے حقوق کی پاسداری اور معاشرے کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے تینوں قوتوں انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کو پابند بنانے کو اسلامی حکومت کی سب سے نمایاں خصوصیت قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اسلامی تعلیمات کی بنیاد پر اور ولی فقیہ کی نگرانی میں کام کر رہی ہے –
تہران کے خطیب جمعہ نے مشرق وسطی کے بعض علاقوں میں جاری جنگ و خونریزی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے کے مسائل اور اختلافات کو ہمیشہ سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔