اسلامی تعاون تنظیم نے فلسطینیوں کے حقوق کی مکمل حمایت پر تاکید کرتے ہوئے اسرائیلی سامان کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم نے پیر کے دن اپنے ہنگامی اجلاس کے اختتام پر اس تنظیم کے تمام رکن ممالک اور عالمی برادری سے صیہونی حکومت کی اشیا اور سامان کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔
اسلامی تعاون تنظیم نے اپنے اجلاس کے اختتام پر فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی کے لئے سیاسی اور سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت پر تاکید کی۔ اس تنظیم نے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں اور اس حکومت کی جانب سے جان بوجھ کر انجام دیئے جانے والے اشتعال انگیز اقدامات کی روک تھام کے لئے تمام ممنکہ امور انجام دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس اتوار اور پیر کے دن انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہوا ۔ اس اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے کی حیثیت سے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے شرکت کی۔