پاکستان کے صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرممنون حسین نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب فلسطینی عوام، آزاد ریاست کے مالک ہوں گے اور القدس اس کا دارالحکومت ہوگا۔
صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو زمینی حقائق میں تبدیلی کے اندیشے کے حامل اقدامات سے باز رہنا چاہیئے۔انہوں نے مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری اور حائل دیوار کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسجدا لاقصیٰ کے نیچے کھدائی اور فلسطینیوں کی بے دخلی کو فوری روکا جائے اور فلسطینی عوام کی مذہبی آزادی کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے۔
پاکستان کے صدرنے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ ہر مسلمان کی آواز اور انسانیت کے لئے اہم ہے۔
اسرائیلی جارحیت کے خلاف انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ’منصفانہ حل کیلئے اتحاد‘ کے نام سے منعقد ہوا جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین اور یورپی یونین کے نمائندوں سمیت انچاس ممالک کے سربراہوں اور نمائندوں نے شرکت کی۔