کویت کے وزیرخارجہ الشیخ صباح ال خالد الصباح نے کہا ہے کہ سعودی_عرب کی توہین کویت کی توہین کے مترادف ہے۔ کسی کو سعودی عرب کے خلاف اشتعال پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاض پر بلا جواز الزام تراشی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ان کا اشارہ کویتی رکن پارلیمنٹ عبدالحمید دشتی کے اس بیان کی جانب تھا جس میں انہوں نے سعودی عرب کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
مجلس امہ[پارلیمنٹ] کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اورکسی بھی دوسرے خلیجی ملک کے خلاف گستاخانہ لہجہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کویت کے دفاع ساتھ ساتھ مملکت سعودی عرب کا دفاع بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ رُکن پارلیمنٹ حمید دشتی کی جانب سے سعودی عرب پر بلا جواز نکتہ چینی پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے.
دوسری جانب کویتی رکن پارلیمنٹ حمید دشتی نے سعودی عرب کی شان میں گستاخی کے الزام کی تردید کی ہے۔ قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے چیلنج کیا گیا ہے کہ میں نے سعودی عرب کی شان میں گستاخی کی ہے اور اس الزام کے تحت میرے ٹرائل کی کوشش کی جا رہی ہے۔