یہ عراق میں داعش کے خاتمے کا سال ہے: العبادی
عراقی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ حکومت کا اصلی ہدف اور ترجیح، داعش دہشت گردوں کے قبضے سے شہر موصل کو آزاد کرانا ہے-
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے منگل کو بغداد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دوہزار سولہ کا سال، داعش کے قبضے سے سرزمین عراق کی آزادی کا سال ہے اور سب کو مل کر عراقی فوج کی مدد کرنی چاہئے- العبادی نے کہا کہ دو ہزارسولہ کے اختتام تک صوبہ نینوا داعش کے قبضے سے آزاد ہوجائے گا-
العبادی نے موصل کے مستقبل کے بارے میں کردوں کے حالیہ مواقف کے بارے میں بھی کہا کہ اس سلسلے میں قانون کی منطق اپنانی چاہئے نہ کہ طاقت کی منطق- کیوں کہ موصل کے سبھی باشندوں کو خواہ وہ عرب ہوں یا کرد، ترکمن ہوں یا ایزدی یا عیسائی، شبک ہوں یا شیعہ وسنی سب کو زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے-
عراقی وزیر اعظم نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ صوبہ نینوا پورا باقی رہے گا کہا کہ عراقی کردستان کے سربراہ مسعود بارزانی نے اطمینان دلایا ہے کہ وہ زمین کی توسیع کے درپے نہیں ہیں-
عراقی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ موصل کی آزادی کی کارروائی میں سبھی عراقی پورے عراق سے حصہ لیں گے تاکہ داعش دہشت گردوں کے ہاتھوں سے نینوا اور اس کے مرکز موصل کی آزادی اور اس کے باشندوں کو نجات دلانے میں شرکت کرسکیں-
عراقی وزیر اعظم نے اسی طرح ملک میں بدعنوانی سے مقابلے کے عمل کے بارے میں کہا کہ بدعنوانی کرنے والوں کی شناخت اور ملک سے باہر ان کے اثاثوں کو ضبط کرنے کے لئے بین الاقوامی مدد کی درخواست کی گئی ہے-