امریکا نے سعودی عرب کو 130 ٹینک فروخت کی منظوری دی
امریکا کے محکمہ خارجہ نے سعودی عرب کو ایک ارب پندرہ کروڑ ڈالرز مالیت کے 130 ابرامس ٹینکوں اور 20 بکتربند گاڑیوں اور دوسرے فوجی آلات کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
دوسرے ممالک کو امریکی اسلحے کی فروخت کے ذمے دار ادارے ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ اس سودے سے ایک علاقائی شراکت دار کی سکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور اس سے امریکا کی قومی سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
اس نے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب کو ٹینک اور گاڑیاں جنرل ڈائنامکس کے ذریعے فروخت کی جائیں گی۔اس ایجنسی نے ارکانِ کانگریس کے لیے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک نوٹس میں کہا ہے کہ '' اس فروخت سے سعودی عرب کی شاہی برّی فوج کی امریکی افواج کے ساتھ عسکری ہم آہنگی بڑھے گی اور یہ سعودی عرب کی سلامتی اور اس کی مسلح افواج کو جدید بنانے کے لیے امریکا کی کمٹمنٹ کی بھی مظہر ہے''۔