پہلی مرتبہ حج وعمرہکرنے والوں کی ویزہ فیس سعودی حکومت ادا کرے گی
سعودی عرب نے پہلی مرتبہ حج یا عمرہ کے لئے ویزہ فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس امر کا فیصلہ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پہلی مرتبہ حج اور عمرہ کے خواہش مند افراد کی ویزہ فیس مملکت خود ادا کرے گی۔
کابینہ نے ویزہ فیس کا نیا شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق مملکت کا سفر اختیار کرنے والے تمام افراد کو سنگل انٹری کے لئے دو ہزار یعنی 533 امریکی ڈالر فیس ادا کرنا ہو گی، تاہم پہلی مرتبہ حج اور عمرہ کے لئے جانے والے مسافر اس سے متثنی ہوں گے۔
چھے ماہ کے ملٹی پل ویزہ کی فیس تین ہزار سعودی ریال جبکہ ایک سال کے لئے ملٹی پل ویزہ انٹری فیس 5000 سعودی ریال ادا کرنا ہو گی۔ دو برس کی ملٹی پل ویزہ انٹری کے خواہش مندوں کو آٹھ ہزار سعودی ریال ویزہ فیس ادا کرنا ہو گی۔ سعودی کابینہ نے نئے ویزہ شیڈول کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حالیہ فیصلوں کا اطلاق مملکت کے دوسرے ملکوں سے طے پانے والے پہلے معاہدوں پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
نئے ویزہ شیڈول میں سعودی عرب کے لئے ٹرازٹ ویزہ فیس 300 سعودی ریال طے کی گئی ہے۔ مملکت کے بندرگاہوں کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے والوں کو 50 سعودی ریال ایگزٹ ویزہ فیس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔ یاد رہے کہ نئے ویزہ فیس شیڈول کا اطلاق اس سال دو اکتوبر سے ہو گا۔
درایں اثنا سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی تارکین وطن دو ماہ کے لئے مملکت سے باہر سفر اور دوبارہ داخلے پر دو سو سعودی ریال ادا بطور فیس ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔ اگر مقیم افراد دو مہینوں سے زیادہ کے لئے مملکت سے باہر جاتے ہیں تو انہیں ہر اضافی مہینے پر ایک سو مزید سعودی ریال 'ایگزٹ اور ری انٹری' فیس کی مد میں ادا کرنا ہو گا۔
تین ماہ کی مدت کے دوران متعدد مرتبہ مملکت سے باہر اور دوبارہ واپسی کے خواہش مند مقیم حضرات کو پانچ سو سعودی ریال فیس ادا کرنا ہو گی۔ تین ماہ سے زیادہ مدت کے لئے بیرون مملکت سفر کی صورت میں مقیم افراد کو ہر مہینے دو سو سعودی ریال اضافی 'ایگزٹ اینڈ ری انٹری' فیس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔
سعودی کابینہ کے اجلاس کی صدارت ولی عہد محمد بن نایف نے کی۔ شہزادہ نایف مملکت کے وزیر داخلہ بھی ہیں۔ کابینہ نے ویزہ فیس شیڈول کے اجرا کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے لئے جرمانوں کا بھی نیا شیڈول منظور کیا۔