ائمہ مساجد داعش کے فتنہ سے عوام کو آگاہ کریں: جمعیۃ علماء مہاراشٹر
ممبئی: جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی نو تشکیل مجلس عاملہ کا اجلاس زیر صدارت حضرت مولانا مستقیم ا حسن اعظمی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ریاستی صدر دفتر جمعیۃ علماء مہاراشٹر (واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ)ممبئی میں منعقد ہوا۔جس میں پورے صوبہ سے اراکین عاملہ نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز قاری محمد یونس کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
ایجنڈا نمبر ۱؍ کے تحت نو منتخب اراکین عاملہ نے اپنا اپنا تعارف پیش کیا۔
ایجنڈا نمبر ۲؍ کے تحت دستور اساسی جمعیۃ علماء ہند کی دفعہ 36(الف) کے ضمن میں صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا مستقیم احسن اعظمی نے بمشورہ اراکین عاملہ مولانا حلیم اللہ قاسمی کو جنرل سکریٹری نامزد کیا ۔
ایجنڈا نمبر ۳؍ کے تحت مولانا حلیم ا للہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے جمعیۃ علماء ریلیف فاؤنڈیشن سال 2015-2016 کے آمد و خرچ کی تفصیلات اراکین عاملہ کے سامنے پیش کیں۔
دیگر امور باجازت صدر کے تحت مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری نے جمعیۃ علماء شہر مالیگاؤں اور مسلم فنڈ مالیگاؤں کے قضیہ کے حل کے لئے تشکیل دی گئی ۵؍ رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے یہ کہا کہ اس قضیہ کے متعلق حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم صدر جمعیۃ علماء ہند نے اپنا تحریری فیصلہ ارسال فرما دیا ہے،اس پر جناب گلزار اعظمی نے کہا کہ مالیگاؤں شہر جمعیۃ علماء تقریباً ۴؍ سال سے تنازعہ کی وجہ سے معطل ہو کر رہ گئی ہے ۔اور مفتی محمد اسماعیل قاسمی اور ان کے رفقاء نے حضرت صدر محترم کے تحریری فیصلہ کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔اس لئے مالیگاؤں شہر جمعیۃ علماء کی تشکیل نو کے لئے مولانا عبد القیوم قاسمی اور ان کے رفقاء کو مجاز قرار دیا جانا چاہئے،اور اسی طرح کا اشارہ حضرت صدر محترم نے بھی دیا ہے ۔چنانچہ عاملہ کے اراکین نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر اور جنرل سکریٹری صاحبان کو مالیگاؤں شہر جمعیۃ علماء کے انتخابات کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کا مجاز بنایا ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کے اس اجلاس میں ریاست مہاراشٹر میں داعش کے نام پر مسلمانوں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ۔اور ائمہ مساجد سے یہ اپیل کی گئی کہ وہ اپنے خطبات میں مسلمانوں کو داعش کی اسلام دشمن سر گرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں کو اس سے دور رہنے کی تلقین کریں،اور ویب سائٹ ،سوشل میڈیا وغیرہ پر کسی بھی طرح کی سازش کا شکار نہ ہوں ۔
مجلس عاملہ کا یہ اجلاس حکام سے بھی یہ اپیل کرتا ہے کہ بلا تحقیق و تفتیش مسلمانوں کی گرفتاری سے پر ہیز کریں۔
مجلس عاملہ کے اس اجلاس میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سر براہ الحاج گلزار احمد اعظمی اور لیگل سیل کے وکلاء ایڈوکیٹ عبد الوہاب خان، ایڈوکیٹ شریف شیخ ،ایڈوکیٹ متین شیخ ، ایڈوکیٹ انصار تنبولی اور ایڈوکیٹ شاہد ندیم انصاری وغیرہ کی کوششوں کو سراہا گیا،جن کی کامیاب پیروی سے اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملہ میں حال میں ۸؍ مسلم نوجوانوں کو باعزت رہائی ملی ہے ۔اور سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس کیس میں عدالت نے تمام ملزمین سے مکوکا کو ہٹا دیاہے۔
ا جلاس کے شرکاء میں حافظ مسعود احمد، مولانا اشتیاق احمد قاسمی،ڈاکٹر عبد المنان شیخ،حافظ محمد ذاکر صدیقی،حافظ عظیم الرحمٰن صدیقی، قاری محمد یونس،حافظ محمد عارف انصاری،مولانا محمد عارف عمری،مولانا عبد الصمد قاسمی،مولانا عبد الباری قاسمی،مشتاق صوفی،مفتی محمد محسن قاسمی،قاری محمد ادریس انصاری، مولانا عبد العظیم ندوی،وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔