مسلمان قلبی سکون کیلئے ذکر الہی ،توبہ استغفارکی کثرت کریں
کالی کٹ مرکز الثقافہ میں منعقدہ روحانی کانفرنس سے شیخ ابوبکر کا خطاب
کالی کٹ (عبدالکریم امجدی): گناہ ایک سنگین ومہلک روحانی مرض ہے ،اللہ کی نافرمانی سے انسان کے قلب میں زنگ لگ جاتا ہے اور دل سیاہ ہوجاتا ہے ،لیکن اس کا بہترین علاج اور تریاق توبہ ہے ۔توبہ سے انسان رب کا قُرب حاصل کرکے پسندیدہ ہوجاتا ہے ،بندوں کو توبہ واستغفار کے ذریعہ اپنے گناہوں اور دلی زنگ کوختم کرلینا چاہئے۔مذکورہ خیالات کا اظہار کالی کٹ مرکز الثقافہ میں منعقدہ عظیم الشان روحانی کانفرنس کے جم غفیر مجمع سے خطاب کرتے ہوئے گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے کیا ۔انہوں نے کہاکہ قلبی سکون اور انسانی زندگی کا امن اللہ رب العزت کے ذکر سے ہی ممکن ،ذکر الہی قرب خداوندی کا خاص ذریعہ ہے۔مسلمان حسرت ونقصان سے اس وقت محفوظ ہوگا جب ذکر الہی اور توبہ استغفار کی کثرت کرے گا۔شیخ نے کہاکہ رمضان کے آخری عشرہ میں رضائے الہی کے متلاشی بنوں،اعتکاف ،ذکرو تلاوت کی کثرت کرو۔شیخ نے کہاکہ مسلمان اپنے ہر کام میں اخلاص اور پرہیزگاری پیدا کرے ،حسد ،کینہ اور ذاتی دشمنی سے انسان خسارہ میں پڑجاتا ہے ۔اس سے بچنا نہایت ہی ضروری ہے ۔شیخ ابوبکر نے کہاکہ مسلمان اپنے صدقات وزکاۃ کے ذریعہ غریب ،بے سہاروں کی امداد کریں۔اجلاس کا افتتاح کیرل کے معروف بزرگ صوفی عالم دین خلیل بخاری نے کیا ۔انہوںنے اپنے پیغام میں کہاکہ روزہ انسانی مساوات اخوت ومحبت کا درس دیتا ہے ،خبر کے مطابق اجلاس کا آغاز بعد نماز تراویح سیدعلی بافقیہ کی دعا سے ہوا۔پروگرام کی صدارت سید زین العابدین بافقیہ نے کی ۔اس موقع پر رحمت اللہ ثقافی ، سی محمد فیضی ،کوثر ثقافی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اجلاس کے اہم شرکا ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری،ڈاکٹر حسین ثقافی ،سید خلیل بخاری ،سید زین العابدین ،شافی ثقافی،سید صالح تراب،سید شہاب الدین ،سی پی موسیٰ حاجی رہے ہیں ۔واضح رہے کہ اجلاس میں ریاست بھر کے ۱۰؍ہزار سے زائد فرزندان توحید سیلاب کی طرح اُمنڈ پڑے ۔آخری تقریب مجلس توبہ واستغفار منعقد ہوئی جس میں سادات کیرالہ رونق اسٹیج رہے ۔ذکر ،تسبیح وتہلیل سادات کیرالا نے اپنے روایتی انداز میں پڑھا، عالمی قیام امن اور ملکی سلامتی سمیت مسلمانوں کے فلاح وبہبودی کیلئے خاص دعا فرمائی ۔دعا کے موقع پر پورامجمع فلک شگاف آمین کی صدائوں سے گونج اٹھا ۔پروگرام سحری تک جاری رہا آخر میں صلوۃ ودعا پر ختم ہوا۔