سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے جاری عمرہ سیزن کے لیے 6.4 ملین ویزے جاری کیے ہیں، جس کے بعد مزید عمرہ ویزوں کے اجراء کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔ رواں سال پچھلے برس کی نسبت 7 فی صد زیادہ عمرہ ویزے جاری کئے گئے۔ سب سے زیادہ مصری شہریوں نے عمرہ ویزے حاصل کیے۔
وزارت حج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ عمرہ سیزن میں 63 لاکھ ، 93 ہزار 464 عمرہ ویزے جاری کیے گئے۔ امسال 4 لاکھ 44 ہزار 252 زیادہ ویزے جاری ہوے۔ پچھلے سال 59 لاکھ 49 ہزار 212 عمرہ ویزے جاری کیے گئے تھے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ 20 رمضان المبارک تک کل 59 لاکھ 56 ہزار 361 عازمین عمرہ نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی تھی۔
سب سے زیادہ 13 لاکھ 3 ہزار 67 عمرہ ویزے مصر کے لیے جاری کیے گئے۔ ان میں 12 لاکھ 52 ہزار 800 مصری شہریوں نے عمرہ ادا کیا ہے۔ دوسرے نمبر پر پاکستان کو 9 لاکھ 91 ہزار 733 عمرہ ویزے جاری کیے گئے۔ پاکستان کو گذشتہ برس کی نسبت 2 لاکھ 87ہزار 24 اضافی عمرہ ویزے جاری ہوئے جوکہ گزشتہ برس کی نسبت 29 فی صد زیادہ ہیں۔ تیسرے نمبر پر انڈونیشیا کو 6 لاکھ 99 ہزار612 عمرہ ویزے جاری کیے گئے۔ گذشتہ برس کی نسبت انڈونیشیا کو بھی 7 فی صد زیادہ ویزے جاری ہوئے۔