مالیگاؤں :بھگواء ملزمین پر یو اے پی اے قانون کا اطلاق جائز، این آئی اے عدالت کا اہم فیصلہ
سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر، کرنل پروہیت و دیگر ملزمین کو زبردست جھٹکا ، عدالت کا اسٹے دینے سے بھی انکار، گلزار اعظمی
ممبئی: مالیگاؤں ۲۰۰۸ء بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم کرنل شریکانت پروہیت ودیگر کی جانب سے ان کے مقدمہ پر یو اے پی اے قانون کے اطلاق کو غیر قانونی بتانے والی عرضداشت پر آج خصوصی این آئی عدالت نے اہم فیصلہ صادر کرتے ہوئے کہا کہ ملزمین پر خصوصی قانون یو اے پی اے کا اطلاق جائز ہے نیز عدالت نے ملزمین کے خلاف ۲۶؍ اکتوبر سے باقاعدہ مقدمہ کی سماعت شروع کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے، اسی درمیان ملزمین کی جانب سے نچلی عدالت کے فیصلہ پر چار ہفتوں کے اسٹے کی درخواست کو متاثرین کی نمائندگی کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کے وکلاء کی مخالفت کے بعد عدالت نے مسترد کردیا۔
آج صبح ساڑھے گیارہ بجے خصوصی عدالت کے جج وی ایس پڈالکرنے جیسے ہی فیصلہ سنایا ملزمین کے وکلاء نے عدالت سے حکنامہ پر اسٹے دینے کی گذارش کی جس کے جواب میں عدالت میں موجود جمعیۃ علماء کے وکیل شاہد ندیم نے تین صفحات پر مشتمل عرضداشت داخل کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ متاثرین دس سالوں سے انصاف کا انتظار کررہے ہیں اور این آئی اے قانون کی دفعہ ۱۹؍ کے تحت این آئی اے کے زیر تحت مقدمات کی سماعت روز بہ روز کیئے جانے کا حکم ہے لہذا ملزمین کو کسی بھی طرح کی راحت نہیں دیتے ہوئے عدالت کو فوراً چار ج فریم کردینا چاہئے نیز سپریم کورٹ نے بھی مقدمہ کی جلد از جلد سماعت مکمل کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے ہیں ۔اسی درمیان این آئی اے کے وکیل اویناش رسال نے عدالت سے اس تعلق سے مناسب فیصلہ صادر کرنے کی گذارش کی ۔
مداخلت کار کی درخواست پر عدالت نے ملزمین کی اسٹے کی درخواست کو خارج کرتے ہوئے معاملے کی سماعت ۲۶؍ اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمین کے وکلاء کو کہا کہ وہ اس درمیان ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع ہوسکتے ہیں اور اگر ہائی کورٹ سے انہیں کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی تو ملزمین پر چارج فریم کردیا جائے گا۔
خصوصی عدالت نے آج اپنے زبانی فیصلہ میں کہا کہ فریقین نے ان کے سامنے سو سے زائد متعدد عدالتوں کے فیصلوں کو بطور نظیر پیش کرنے کے ساتھ ایک ماہ تک بحث کی جس کے بعد وہ اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ ملزمین پر یو اے پی اے قانون کا اطلاق ہوگا اور جو مدعہ ملزمین نے اٹھایا ہے اس پر دوران سماعت غور کیا جائے گا ۔
تقریباً ۱۲۵؍ صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ پیر کو ظاہر کیا جائے گا ایسی یقین دہانی عدالت نے فریقین کو کراتے ہوئے عدالت کی مدد کرنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔
آج کی عدالتی کارروائی کے بعد جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹ شریف شیخ کی مدلل بحث جس میں انہوں نے عدالت کو بتایا تھاکہ کریمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 362 کے تحت نچلی عدالت خود کا فیصلہ تبدیل کرنے کی مجاز نہیں ہے کیونکہ اس سے قبل کے جج ایس ڈی ٹیکولے نے یہ فیصلہ صادر کیا تھا کہ ملزمین کے خلاف یو اے پی اے قانون کی دفعات 16 اور 18 کا اطلاق ہوگا اور فرد جرم اسی کے مطابق عائد کی جائے گا پر عدالت نے آج مہر لگا دی ۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ آج کے فیصلہ کے بعد ان کی امیدیں بڑھ گئیں ہیکہ اب نچلی عدالت ملزمین پر چارج فریم کرکے مقدمہ کی باقاعدہ سماعت کا آغاز کردیگی۔
گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ مالیگاؤں ۲۰۰۸ء بم دھماکہ معاملے کا سامنا کرنے والے ملزمین مقدمہ کی سماعت شروع نہیں ہونا دینا چاہتے ہیں اور اسی لیئے وہ روزانہ نت نئے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں اور کبھی ڈسچارج عرضداشت داخل کردیتے ہیں تو کبھی یو اے پی اے قانون کو چیلنج کرکے عدالت کا قیمتی وقت ضائع کررہے ہیں لیکن آج کے فیصلہ سے انہیں زبردست جھٹکا لگا ہے ۔
اجب جبکہ نچلی عدالت نے واضح فیصلہ صادر کردیا ہے اور اگر ملزمین سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر،کرنل شریکانت پروہیت، میجر رمیش اپادھیائے،سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر ، سدھاکر دیویدی، سدھاکر چترویدی کو ممبئی ہائی کورٹ سے کوئی راحت نہیں ملتی تو مقدمہ کی باقاعدہ سماعت کا آغاز ممکن ہے۔