سعودی عرب میں اقتصادی اور ترقیاتی امور کی کونسل نے کونسل کے سربراہ اور مملکت کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں، سعودی ویژن 2030 پروگرام کے انتظامی ڈھانچے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی SPA کے مطابق مذکورہ اجلاس 30 مئی 2016 بروز پیر منعقد ہوا۔
اس موقع پر زیربحث آنے والے نمونے میں ویژن 2030 کے حصول کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں کے کردار اور ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ ان رکاوٹوں کو دور کیےجانے کے طریقہ کار پر بھی نظر ڈالی گئی جو ویژن کے ذیلی پروگراموں کے مطلوبہ مقاصد کے حصول میں آسکتی ہیں۔
اس سلسلے میں اقتصادی اور ترقیاتی کونسل نے کونسل کے سربراہ کی صدارت میں ایک تزویراتی کمیٹی تشکیل دی جو سعودی ویژن 2030 کے تکمیلی مراحل کا مسلسل جائزہ لینے کی ذمہ دار ہوگی۔ اس کے علاوہ کونسل نے تزویراتی انتظامیہ کے لیے ایک بیورو کے قیام کا بھی فیصلہ کیا جو مذکورہ کمیٹی کے زیرانتظام ہوگا۔ یہ بیورو ویژن پروگرام کے جائزے کے لیے افرادی قوت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ایگزیکیٹو پروگراموں کو متعارف کرانے کی تجاویز اور ان پروگراموں کے اہداف یقینی بنانے سے متعلق میعادی رپورٹیں بھی پیش کرے گا۔
ویژن 2030 پروگرام سے متعلق یہ ماڈل تزویراتی طور پر عمل درامد کے لحاظ عالمی سطح پر بہترین اطلاقی کارروائیوں میں سے ہے۔ مزید برآں شفافیت اور پوچھ گچھ کے اصولی موقف کو مضبوط بنانے کے لیے الکٹرونک بورڈز کا استعمال کیا جائے گا تاکہ کارکردگی کے اشاریے کا جائزہ لیا جاتا رہے۔ اس طرح سعودی ویژن 2030 پر مثالی عمل درامد کو یقینی بنایا جاسکے گا۔