کیرالا میں سیلاب زدگان کیلئے راحتی کیمپوں میں جنگی پیمانہ پر کام شروع
سیلاب کی تباہ کاری کو قومی سانحہ قرار دیا جائے :ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری
کالی کٹ ؍عبدالکریم امجدی: کیرل میں آئے تباہ کن سیلاب کے سبب ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ۔کئی لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں ،مسلسل بارش اور مٹی کے تودے کھسکنے کی وجہ سے ریاست کی صورتحال ابتر ہوتی چلی جارہی ہے ۔جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاری کو قومی سانحہ قرار دیا جائے ۔ڈاکٹر ازہر ی نے آج یہاں جاری اخباری بیان میں کہاکہ مسلمان عید الاضحی کے موقع پر سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں ۔ڈاکٹر ازہری نے کہاکہ راحتی کیمپوں میں اشیاء خوردنی ودیگر ضرروی اشیاء پہونچانا نہایت ہی ضروری ہے ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے سیلاب زدگان کی راحت رسانی کے لئے ریلیف اینڈ چاری ٹیبل فائونڈیشن آف انڈیا کے تحت جنگی پیمانہ پر کام شروع کیا ہے ۔جس کے نتیجہ میں راحتی کیمپوں میں غذائی اشیائ،کپڑے،سیلاب متاثرین بچوں کے لئے دودھ کا انتظام ،خصوصی دوائوں اور طبی سہولت کا بھی انتظام کیا ہے ۔ ڈاکٹر ازہری نے اصحاب خیر اور اہل ثروت سے خصوصی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے سیلاب کی تباہ کاری کو صدی کا سب سے تباہ کن سانحہ قرار دیا ۔